ہائر ایجوکیشن کا ترقیاتی بجٹ بڑھا کر 110 ارب روپے کر دیا،رانا تنویز

0
42

وفاقی وزیر تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن )کی زیرقیادت مخلوط حکومت نے 23-2022 کے بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کا ترقیاتی بجٹ 91 ارب سے بڑھا کر 110 ارب روپے کر دیا ہے۔

نیشنل کالج آف آرٹس(این سی اے) میں آرٹ اینڈ کرافٹ کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی سابقہ حکومت نے گزشتہ سال کے دوران اعلی تعلیم کے بجٹ میں کٹوتی کی تھی، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ تعلیم کے شعبے کو ترجیح دی ہے اور ہائر ایجوکیشن کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ این سی اے آرٹس کے اداروں میں ایشیا کا نامور اورایک سو پچاس سال پرانا تعلیمی ادارہ ہے جو اعلی تعلیم کی فراہمی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے’ اور آئندہ بھی طلبا کو معیاری تعلیم فراہم کرے گا اور ملک میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

رانا تنویر نے این سی اے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ یونیورسٹی کی بہتری کے لیے کچھ قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبے بنائیں، انہوں نے مزید کہا کہ کالج کو یونیورسٹی میں اپ گریڈ کرنے کے بعد بطور وائس چانسلر ان کی ذمہ داریاں کئی گنا بڑھ گئی ہیں’ وفاقی وزیر نے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری کی جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے اورمعیاری گریجویٹس تیار کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)اسلام آباد میں وائس چانسلرز کمیٹی کے اجلاس میں زور دیا کہ وہ اعلی تعلیم میں کمرشل ازم کی بجائے معیار پر توجہ دیں’ پچھلی حکومت نے اعلی تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنے کے بجائے یونیورسٹیوں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے نے کہاکہ حکومت یونیورسٹیوں کو مزید مالی فوائد دے گی تاکہ مستقبل میں معیار کے نتائج پیدا کریں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سنگل نیشنل کریکولم (SNC) کا مطلب تعلیمی معیار کو کم کرنا نہیں ہے تاہم ایس این سی رہنما اصولوں پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے’ ایس این سی بینچ مارک کے طور پر رائج رہے گا لیکن ادارے کو تدریس میں آزادی دی جائے گی’اسلامک اسٹڈیز جیسے مضامین کو ایس این سی کی سفارشات کے مطابق پڑھایا جائے گا۔

انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ایس این سی کو رول بیک کیا جا رہا ہے’ تعلیم کو عالمی دنیا کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے اس کو زنجیروں میں جکڑا نہیں جا سکتا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر مرتضی جعفری نے وفاقی وزیر تعلیم کو بریفنگ دی اوراین سی اے فیکلٹی کا تعارف کروایا.

Leave a reply