حزب اللہ ملیشیا نے ایک بار پھر ملک میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی
باغی ٹی وی : عراقی حزب اللہ ملیشیا نے ایک بار پھر ملک میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔ملیشیا کے سیکورٹی ذمے دار ابو علی العسکری نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں امریکیوں کو حملوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔
ایران نواز عراقی ملیشیا کی جانب سے حالیہ عرصے میں امریکی فوجیوں کی میزبانی کرنے والے عسکری اڈوں کو کئی بار کیٹوشیا راکٹوں سے نشانہ بنایا جا چکا ہے۔العربیہ کے مطابق اس سے قبل وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے اس بات پر زور دیا تھا کہ عراق کو محاذوں کی سیاست سے دور رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بین الاقوامی تعلقات میں عراق کے مفادات کو یقینی بنانے کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ عراق میں امریکی فوجیوں اور مفادات پر حملوں میں ، ایرانی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد تیزی آ گئی تھی تاہم اب ان میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سلیمانی جنوری کے اوائل میں بغداد ہوائی اڈے کے باہر امریکی فضائی حملے میں مارا گیا تھا۔