بالی وڈ سُپراسٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے خاندان کے کچھ افراد بھی کورونا وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران سلمان خان نے انکشاف کیا کہ ان کی منہ بولی بہنیں ارپتا خان شرما اور الویرا اگنی ہوتری کورونا میں مبتلا ہوچکی ہیں تاہم ان کی بہنوں میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر خطرناک ہے، اب تک ہم سنتے آئے تھے کہ فلاں کو کورونا ہوگیا ہے لیکن اب ہمارے اہل خانہ بھی اس سے متاثر ہوگئے ہیں، آخری بار کورونا نے ہمارے گھر کے ڈرائیورز کو متاثر کیا تھا مگر اب اس نے بہت سے لوگوں کو متاثر کیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سلمان خان کی بہن ارپتا خان بھی اپنے ایک بیان میں انکشاف کرچکی ہیں کہ وہ اپریل میں کورونا کا شکار ہوکر صحتیاب ہوچکی ہیں۔
بھارت میں کورونا وائرس کے باعث صورتحال انتہائی خراب ہے بھارت میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران متعدد بالی وڈ شخصیات کورونا کا شکار ہوچکی ہیں جب کہ ان میں سے کئی کورونا کے باعث انتقال بھی کرگئی۔








