سابق وزیر داخلہ اورسینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ یہاں کرپٹ لوگوں کے بچے شہزادے ، شہزادیاں بنے ہوئے ہیں جو بیرونِ ملک جوا خانوں میں عرب شیخوں سے زیادہ پیسے دکھا رہے ہیں۔
باغی ٹی وی : سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ قوم ‘نیا پاکستان’ سے تنگ آچکی ہے اور اپنے ‘پرانے پاکستان’ کو واپس لانے کی دعائیں کر رہے ہیں نئے پاکستان نے عوام کو قیمتوں میں اضافے ، مہنگائی ، خودکشیاں، مصائب ، بدترین امن و امان کی صورتحال ، جرائم کی شرح میں اضافہ ، فحاشی ، منشیات کی لت ، کرنسی کی بے قابو کمی ، امیر اور غریب کے درمیان وسیع فرق اور سفارتی تنہائی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔
رحمان ملک نے کہا کہ ‘پرانے پاکستان’ میں انسانی اقدار زیادہ اور بدعنوانی کم ہوا کرتی تھی جب کہ ‘نئے پاکستان’ میں کرپٹ اپنی دولت اور پیسے کی طاقت سے زبردستی عزت کا انتظام کر رہے ہیں نئے پاکستان میں مختلف مافیاز پیسے کے زور پر پارلیمنٹ میں داخل ہو رہے ہیں ۔
مہنگائی کی وجہ سے پاکستان کی عوام ایک سخت دور سے گزر رہی ہے، بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست اب مافیاز اور الیکٹ ایبلز کے لیے مخصوص ہو چکی ہے جبکہ پارٹیوں کے کارکن سیاسی نعروں کے لیے رہ گئے ہیں انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ جمہوریت ہے اور کیا عوام اس نظام کا احترام کریں گے جہاں ان کے ووٹ اپنے مقاصد کے لیے فروخت کیے جاتے ہیں؟۔
سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بدعنوانوں کے بچے ہمارے ملک کے خود ساختہ شہزادے اور شہزادیاں ہیں جو عالمی جوئے بازی کے اڈوں میں کھیلتے ہیں اور عرب شیخوں کے مقابلے میں زیادہ پیسے دکھاتے ہیں۔
انہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ وہی نسل دارالحکومت سنبھالے گی جو ملک پر اپنے کرپٹ طریقوں سے حکمرانی کرے گی جس سے عوام کے لیے مزید مسائل پیدا ہوں گے ۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں محلہ غریب آباد میں پارٹی عہدیداران و کارکنان کے اجلاس کی سربراہی کی، اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جمعہ 29 اکتوبر کو ملک بھر کے اضلاع میں مقامی پریس کلبوں کے سامنے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔
اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے پاکستان کی عوام ایک سخت دور سے گزر رہی ہے، عمران خان جس معاملے میں ہاتھ ڈالتے ہیں، وہاں تبدیلی نہیں بلکہ تباہی آتی ہے، آئین نے عوام کو جو آزادیاں دی ہیں، عمران خان نے ان کو چھین لیا ہے۔
انتظار قتل کیس: 2 اے سی ایل سی اہلکاروں کو سزائے موت،5 کو عمر قید
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ووٹ کے تحفظ سے لے کر بولنے کی آزادی اور میڈیا کی آزادی کو عمران خان نے چھیننے کی کوشش کی ہے، پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے خلاف پہلے دن سے پاکستان پیپلز پارٹی نے احتجاج کیا، ہم اقتدار کے لئے سیاست نہیں کرتے، عوامی مسائل کا حل ہماری سیاست کا محور ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس کے دوران کارکن غوث بخش بروہی کے انتقال پر ان کے صاحبزادے بلال بروہی اور علی مدد ٹگڑ کے انتقال پر ان کے پوتے ایڈووکیٹ وقار تگڑ سے تعزیت کی، چیئرمین بلاول بھٹو نے یوسی 02 کے صدر راجہ ریاض چوہان سے بھی ان کے والد اور بھانجے کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔
بلاول بھٹو نے اپنے حلقہ انتخاب میں واقع محلہ غریب آباد میں کارکنان و عہدیداران کی جانب سے علاقے کے مسائل اور ان کے حل کی تجاویز کو سنا، بلاول بھٹو زرداری نے مسائل کے حل کے حوالے سے فوری عمل درآمد کی ہدایات کیں۔
اس موقع پرچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ودیگر بھی موجود تھے-