ہولی فیملی اسپتال سے نومولود بچے کا اغوا ،مقدمہ درج،تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی
ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی سے نومولود بچے کے اغوا کا پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے نوٹس لے لیا ہے۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی سے نومولود بچے کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہےنومولود بچے کے اغوا کا مقدمہ والد کی مدعیت میں نا معلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہولی فیملی اسپتال کی انتطامیہ کے احکامات دیئے ہیں کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں اس حوالے سے انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
نومولود بچے کے اغوا کا سی سی پی او راولپنڈی نے بھی سخت نوٹس لیا ہے جس کے بعد پولیس کی جانب سے اسپتال کے ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور سیکیورٹی کے عملے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ سی سی پی او کی ہدایت پر نومولود بچے کی تلاش کے لیے تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں بچے کے اغوا کاروں نے نومولود کی جگہ پلاسٹک کا گڈا رکھ کر بچے کو اغوا کیا اور فرار ہو گئے نومولود بچے کے والد شاہد محمود نے جب واقعہ سے اسپتال انتظامیہ کو آگاہ کیا تو عملے کی دوڑیں لگ گئیں جب کہ پولیس نے بھی کارروائی شروع کردی نومولود بچے کی گمشدگی کی اطلاع ملنے پر والدہ کی طبیعت ازحد خراب ہوئی جس کے بعد انہیں آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔