پی ٹی آئی کے اجتماعات میں حاضرین کی تعداد وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے شیئر کردی
اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے رحیم یار خان جلسے کے موقع پر ملک بھر میں ہونے والے پی ٹی آئی کے اجتماعات میں شریک کارکنوں کی تعداد ٹوئٹر پر پوسٹ کردی۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے سابق وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھاکہ 24 ستمبر کو رحیم یار خان جلسے میں تحریک شروع کریں گے اور گھروں سے نکلنے کی کال دیں گے۔
دوسری طرف وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے عمران خان کے رحیم یار خان جلسے کے موقع پر ملک بھر میں ہونے والے پی ٹی آئی کے اجتماعات میں کارکنوں کی تعداد ٹوئٹر پر پوسٹ کردی اور کہاکہ عمران خان کہتے تھے ہفتے کی تیاری اورتعداد دیکھ کر اسلام آباد کی کال دوں گا۔انہوں نے ملک بھر میں اجتماعات میں کارکنوں کی تعداد پر طنز کیا کہ ’اپنی تیاری کا حال آج کے اعداد شمار کی زبانی ملاحظہ فرمائیں‘۔
کپتان صاحب؛ تم کہتے تھے کہ ہفتے کی تیاری اور Strength دیکھ کر اسلام آباد کی کال دونگا۔ اپنی تیاری کا حال آج کےاعداد شمار کی زبانی ملاحظہ فرمائیں- 25 مئی کے بعد اگر آپ کی ٹائیگر فورس کی یہی تیاری ہے تو مجھے افسوس ہماری تیاری تو بیکار چلی جائیگی۔
آپکی مقبولیت بھی ایک ڈھکوسلہ ہے۔ pic.twitter.com/tMK91xaFwy
— Rana SanaUllah Khan (@RanaSanaullahPK) September 24, 2022
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ 25 مئی کے بعد اگر آپ کی ٹائیگر فورس کی یہی تیاری ہے تو مجھے افسوس ہماری تیاری تو بیکار چلی جائے گی، آپ کی مقبولیت بھی ایک ڈھکوسلا ہے۔وزیر داخلہ کی جاری فہرست کے مطابق اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ 250 افراد نکلے جبکہ کراچی اور لاہور میں شرکا کی زیادہ سے زیادہ تعداد 300 تھی۔
فیصل آباد میں 500، پشاور میں 150 کے قریب لوگ تھے، راولپنڈی میں شرکا کی زیادہ سے زیادہ تعداد 25 تھی، گوجرانوالا میں 300 اور جہلم میں 150 لوگ تھے۔