الحدیدہ میں حوثی باغیوں طرف سے بچھائے گئے بارودی سرنگوں کا جال ناکارہ بنا دیا گیا.
تفصیلات کے مطابق یمن میں مشترکہ فورسز کی انجینئرنگ ٹیم نے جمعرات کے روز مغربی شہر الحدیدہ کے رہائشی علاقوں میں موجود بارودی سرنگوں اور دھماکا خیز آلات کی نئی کھیپ کو تباہ کر دیا۔ یہ دونوں چیزیں باغی حوثی ملیشیا نے علاقہ چھوڑ کر جانے سے پہلے یہاں نصب کر دی تھیں۔
مشترکہ فورسز کے عسکری میڈیا نے واضح کیا ہے کہ الحدیدہ میں آزاد کرائے جانے والے علاقوں اور سڑکوں کو ان مہلک ہتھیاروں سے پاک کیے جانے کی کوششیں جاری ہیں۔
حوثیوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگیں آزاد کرائے جانے والے علاقوں میں مغربی ساحل کے لوگوں کے واسطے ایک بھیانک خواب بن چکی ہیں۔ یہاں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب شہریوں کا جانی نقصان واقع نہ ہو۔ دیہات، کھیتوں اور رام راستوں پر نشانہ بننے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہوتی ہے۔
ادھر الحدیدہ صوبے کے جنوبی ضلع التحیتا میں حوثی ملیشیا نے شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ یہ سلسلہ اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں اور شہریوں کے خلاف جاری جرائم کی کڑی ہے۔