حکومت نے تندروں کو گیس کی فراہمی کےلئے ڈیڑھ ارب روپے کی سبسڈی جاری کردی
حکومت تندروں کو گیس کی فراہمی کےلئے ڈیڑھ ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، روٹی کی قیمت 6 روپے برقرار رہے گی،صوبائی وزیر صنعت وتجارت
لاہور ۔ یکم اگست(اے پی پی)صوبائی وزیر صنعت وتجارت ،اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ تندروں کےلئے گیس کے پرانے ٹیرف بحال کر دیئے گئے ہیں اور وفاقی حکومت تندروں کو سستی گیس کی فراہمی کے لئے ڈیڑھ ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے ۔ 100گرام روٹی کی قیمت 6 روپے ہی برقرار رہے گی ۔ من مانی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ یہ بات انہوں نے یہاں یہاں اپنے کیمپ آفس میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے لئے گندم پر 42 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے اس لئے آٹے کی قیمت بڑھنے نہیں دیں گے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ روٹی اور نان کی پرانی قیمت پرفراہمی کو یقینی بنائینگے ۔ روٹی و نان کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کیا جائےگا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے سرکاری طور پر گندم خریدی ہے اور کاشتکاروں کو ان کی محنت کا معاوضہ یقینی بنایا گیا ہے ۔