حکومت برآمدی شعبے کی کیٹگری بناکر درپیش مشکلات کو مد نظررکھتے ہوئے سہولیات دے : کارپٹ ایسوسی ایشن
پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ حکومت برآمدی شعبے کی کیٹگری بنائے اوراسے در پیش مشکلات کو مد نظررکھتے ہوئے اسے مراعات اور سہولیات دی جائیں،حکومت کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ اگر ہماراساتھ دیا جائے تو دیہاتوں میں روزگارکا انقلاب برپا کیا جا سکتا جس سے اربنائزیشن کو روکا جا سکتا ہے،امید ہے نئے وزیر خزانہ ہمارے دیرینہ مسائل کو سمجھ کر اصلاح کے لئے احکامات جاری کریں گے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کے کاریگر بہت محنت کرتے ہیں لیکن حکومت کی طرف سے ان کی ستائش کا کوئی ذریعہ نہیں ۔ ماضی میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات کوعروج حاصل تھا لیکن بعض حکومتوں کی غلط پالیسیوں اور توجہ نہ دینے کے باعث یہ صنعت آج زوا ل کا شکار ہے اور اس میں شدت آتی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نا مساعد حالات کے باوجودپاکستانی برآمدکنندگان نے بیرون ملک نمائشوں میں پاکستان کا جھنڈا بلندرکھنے کیلئے شرکت کرتے ہیں کیونکہ ہم کسی طو رپر روایتی حریف سے مقابلے کی دوڑ سے باہر نہیں ہونا چاہتے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نئے وزیر خزانہ ہمارے شعبے کے دیرینہ مسائل کو سمجھ کر ان کی اصلاح کے لئے عملی اقدامات جاری کریں گے۔