حکومت سندھ کے گندم ریلیز کرنے کے بعد سے آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی سامنے آئیگی، مکیش کمار چاو لہ

صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چاو لہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عمران اسماعیل کے سندھ میں آٹے کی قیمتوں پر بیان کو ان کی لاعلمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے حکومت سندھ اکتوبر کے آخر میں گندم ریلیز کرتی ہے اور امید ہے کہ گندم کے ریلیز ہوتے ہی سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج بھی پنجاب میں ایک کلو گرام آٹا 75 روپے کا فروخت ہورہا ہے جبکہ گندم کے حساب سے پنجاب میں سب سے زیادہ گندم پیدا ہوتی ہے۔ صوبائی وزیر برائے خوراک مکیش کمار چاو لہ نے کہا کہ گورنر سندھ صاحب نے بغیر معلومات حاصل کئے بغیر اپنے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے حکومت سندھ کے خلاف بیان دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے پاس اپنے عوام کی ضرورت کے مطابق گندم وافر مقدار میں موجود ہے۔

صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی آمور و خوراک مکیش کمار چاو لہ نے کہا کہ جہاں تک مہنگائی کی بات ہے تو چینی، پٹرول اور دیگر اشیاخوردونوش کی قیمتیں تو وفاقی حکومت کا شعبہ ہے کیا اس نے ان اشیاکی قیمتیں کنٹرول کر رکھی ہیں۔ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے لیکن وفاقی حکومت کو غریب عوام کی حالت زار سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

Comments are closed.