ہم دل دے چکے صنم‘ میں ایشوریا رائے بچن نندنی کے کردار کے حوالے سے پہلا انتخاب نہیں تھیں

0
48

بالی وڈ کی معروف اور سدا بہار فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں ایشوریا رائے بچن نندنی کے کردار کے حوالے سے سنجے لیلیٰ بھنسالی کا پہلا انتخاب نہیں تھیں-

باغی ٹی وی :سنجے لیلا بھنسالی کی 1999 میں آنے والی فلم ’ہم دل دے چکے صنم کو دیکھنے والوں اور نقادوں دونوں ہی نے پسند کیا تھا اور اس فلم کی ہیروئن ایشوریا رائے نے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ جس نے ایشوریا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔

فلم کے مرکزی کرداروں میں ایشوریا رائے بچن، سلمان خان اور اجے دیوگن شامل تھے۔

لیکن بہت کم لوگوں کو معلوم ہوگا کہ ایشوریا نندنی کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے بھنسالی کا پہلا انتخاب نہیں تھیں ان سے قبل اس فلم میں اس کردار کے لیے کرینہ کپور خان سے رابطہ کیا گیا تھا۔

بھنسالی نے کرینہ کو ’نندنی‘ کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے انھیں بالی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کو کہا تھا۔ تاہم اس موقع پر کرینہ کپور نے تعلیم کے حوالے سے بیرون ملک جانے کی وجہ سے اس پیشکش کو قبول کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

ایک انٹرٹینمنٹ پورٹل سے انٹرویو کے دوران کرینہ کپور نے کہا کہ جب سنجے لیلا بھنسالی نے انھیں اس فلم کی پیشکش کی تو اس وقت وہ بہت کم عمر تھیں اور حصول تعلیم کے لیے بیرون ملک جارہی تھیں۔

کرینہ نے کہا کہ بھنسالی نے انھیں ’باجی راؤ مستانی‘ میں کام کی آفر بھی کی تھی، لیکن انھوں نے اس میں بھی کام نہیں کیا تھا۔

واضح رہے کہ کرینہ کپور نے بالی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز سن 2000 میں جے پی دتہ کی فلم ریفیوجی میں ابھیشک بچن کے ساتھ کیا، اور انھوں نے اب تک اپنے 20 سالہ فلمی کیریئر کے دوران سنجے لیلا بھنسالی کی کسی فلم میں کام نہیں کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اپنی 47 ویں سالگر ہ کے موقع پر بھارتی شوبزویب سائٹ بالی وڈ لائف نے ایشوریا رائے بچن کا وہ انٹرویو شائع کیا گیا ہے جس میں اُنہوں نے شاہ رخ خان سے متعلق اہم انکشاف ظاہر کیا تھا۔

انٹرویو کے دوران میزبان نے ایشوریا رائے بچن سے سوال کیا کہ اُنہیں ’ویر زارا‘ سمیت 5 سے زائد فلموں سے کیوں ہٹا گیا تھا جس پر ایشوریا نے جواب دیا کہ میں اس کا جواب کیسے دے سکتی ہوں؟ ہاں اس وقت ایک دو ایسی فلموں کی بات ہو رہی تھی جس میں شاہ رخ خان اور میں نے ایک ساتھ کام کرنا تھا لیکن پھر اچانک بغیر کسی وضاحت کے مجھے اُن فلموں سے ہٹا دیا گیا اور آج تک مجھے اُن فلموں سے نکالنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔

ایشوریا نے کہا تھا کہ میرے پاس اس کا جواب نہیں ہے کیونکہ مجھے فلموں سے نکالنا شاہ رخ خان کا فیصلہ تھا۔

1994 میں مس ورلڈ کا اعزاز جیتنے والی اداکارہ ایشوریا رائے نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ جب مجھے فلموں سے نکالا گیا تھا تو میں اُس وقت بہت دُکھی اور افسردہ ہوگئی تھی لیکن میں نے کبھی شاہ رخ خان سے اس بات کی وضاحت طلب نہیں کی کیونکہ یہ میری فطرت میں نہیں کہ میں خود کسی سے وضاحت مانگوں اگر اُنہیں احساس ہوتا تو وہ خود آکر مجھے وجہ بتاتے لیکن اُنہوں نے ایسا نہیں کیا۔

ایشوریا رائے کو شاہ رخ نے اپنی فلموں سے کیوں نکالا تھا؟

Leave a reply