اداکارہ وماڈل حمائمہ ملک نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہےکہ میں بہت خوش ہوں کہ پاکستان فلم انڈسٹری ترقی کی جانب گامزن ہے، ہماری فلموں نے جس طرح سے کامیابی کے نئے ریکارڈز قائم کرکے شائقین کا اعتماد بحال کیا ہے، یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے . اگر ہم مسلسل اچھی اور معیاری فلمیں بناتے رہیں گے تو شائقین سینما گھروں سے کبھی دور نہیں ہوں گے. انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فلمی صنعت کی ترقی کیلئے بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی ضروری ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ہمارے ملک میں نوجوان فلم میکرز نے بھرپورانداز سے بحران کے خاتمہ کے لیے کام شروع کردیا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل مارکیٹ تک مکمل رسائی کے ٹارگٹ کومدنظررکھتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔” اچھوتے موضوعات کے علاوہ ہالی وڈ کے تکنیک کاروں کی خدمات حاصل کرلی جائیں تواس سے بہت بہتری آسکتی ہے”۔ اداکارہ نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن فی الوقت ضرورت ہمیں درست سمت میں آگے بڑھنے کی ہے۔ حمائمہ ملک نے کہا کہ میںنے جب بھی کوئی کردار سائن کیا ہے تو اس میں یہی دیکھا ہے کہ یہ دیکھنے والوں کو کیا میسج دے گا اور اس کردار کی کسی بھی پراجیکٹ میں کیا اہمیت ہے.