سیالکوٹ:اکثر سنتے ہیں کہ شوہر کے خلاف بیوی شکایت لے کر تھانے پہنچ گئی لیکن سیالکوٹ میں ایک شوہر ایک ایسی شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا کہ تھانیدار بھی حیران رہ گیا .

تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں شوہر تھانے شکایت لے کر پہنچ گیا کہ بیوی صبح جلدی نہیں اٹھتی اورناشتہ بھی نہیں دیتی، رپورٹ درج کی جائے۔

سیالکوٹ کے ایک گھر میں ایسا جھگڑاہوا جس کی گونج اہل محلہ ہی نے نہیں پورے شہر نے سنی۔اہل محلہ کے مطابق سیالکوٹ کے محلہ شمس پورہ کے رہائشی اکمل کو اکثر صبح ناشتہ نہیں ملتا تھا

اہل محلہ کے مطابق محلے میں ہر کسی کو اس بات کا علم ہے کہ زوجہ محترمہ سو کر جلدی نہ اٹھتی تھیں لہذا پراٹھے چائے کا تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا تھا ، تنگ آکراکمل تھانہ صدر پہنچ گیا اور بیوی کے خلاف شکایت درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ اپنی نوعیت کی اس انوکھی رپٹ پر تھانے دار نے بھی سر پکڑ لیا اور سمجھا بجھا کر میاں بیوی میں صلح کرادی۔ بیوی کا کہنا تھا کہ ایک موقع دے دیں آئندہ میاں کو شکایت کا موقع نہیں دوں گی ۔

Shares: