ہائپرٹینشن کورونا کے خطرات بڑھا دیتا ہے، تحقیق
لاس اینجلس: ایک نئی تحقیق کے مطابق ہائپرٹینشن کورونا کے خطرات بڑھا دیتا ہے-
باغی ٹی وی: امریکا کی سینٹرز فار ڈیزیزکنٹرول اینڈ پریوینشن جرنل ہائپرٹینشن میں شائع کی گئی رپورٹ کے مطابق یہ خطرہ بڑے پیمانے پر پھیلا ہوا ہے، امریکا میں ہر دو میں سے ایک فرد ہائپر ٹینشن کا شکار ہے۔
لاس اینجلس میں قائم سیڈرز سینائی کے اسمدٹ ہارٹ انسٹیٹیوٹ کے محققین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کے سربراہ مصنف جوزیف ای ایبنگر کا کہنا تھا کہ ہدایت یہ ہےکہ انفیکشن سےبچنا انتہائی ضروری ہے اس وائرل ویریئنٹ کےمتعلق خیال کیا جاتا ہے کہ یہ اکثر لوگوں میں معمولی بیماری کا سبب بنتا ہے۔
الیکٹرونک میڈیکل ریکارڈ کا مطالعہ کرتے ہوئے سیڈر-سینائی محققین نے 912 لوگوں کی شناخت کی جو ایم آر این اے ویکسین سے مکمل طور پر ویکسین شدہ تھے،ان کو بُوسٹر شاٹ بھی لگ چکا تھا اورکوویڈ کے دوران یکم دسمبر 2021 سے 20 اپریل 2022 کےدرمیان جنوبی کیلیفورنیا میں جب اومی کرون کی لہر بڑھ رہی تھی تو وہ لوگ وائرس میں مبتلا ہوئے۔ ان میں 145 کو اسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت پیش آئی تھی۔
تحقیق کی سینئر مصنفہ اور انسٹیٹیوٹ کی ایک ڈائریکٹر سوزین چینگ کا کہنا تھا کہ محققین یہ جان کر حیران ہیں کہ کئی لوگ جو کورونا کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہوئے ان میں ہائپرٹینشن کے علاوہ کوئی اورعوامل موجود نہیں تھے انہوں نے کہا کہ یہ بات تشویشناک ہے کہ امریکا کے تقریباً نصف افراد ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا نے 79 سالہ عمر رسیدہ امریکی صدر جو بائیڈن کو بھی شکارکرلیاہے ، اطلاعات ہیں کہ جوبائیڈن پہلی بار کورونا میں مبتلا ہوگئے وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرین جین پیئر کے مطابق جو بائیڈن میں کورونا کی علامات محسوس ہوئی تھیں جس کے بعد انکا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا ہے۔
پریس سیکریٹری کے مطابق 79 سالہ امریکی صدر بائیڈن کو کورونا ویکسین کی دونوں ڈوز کے علاوہ دو بوسٹر ڈوز بھی لگ چکی ہیں۔ ترجمان کے مطابق جو بائیڈن وائٹ ہاؤس میں ہی آئیسولیٹ ہوچکے ہیں اور وہیں سے معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دینگےصدر بائیڈن کو جمعرات کی صبح بخار نہیں تھا، انکی زکام اور خشک کھانسی کی شکایت ہے اور وہ کچھ تھکاوٹ کا سامنا کر رہے ہیں۔
جو بائیڈن نے جنوری 2021 میں فائزر/بائیو ٹیک کوویڈ 19 ویکسین کی پہلی دو خوراکیں حاصل کی تھیں، ستمبر میں ان کو پہلی بوسٹر ڈوز اور 30 مارچ کو دوسری بوسٹر ڈوز دی گئی تھی عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے جو بائیڈن کو کورونا سے زیادہ خطرہ لاحق ہے اگرچہ کہ امریکی مرکز برائے ڈیزیز کنٹرول کہہ چکا ہے کہ بڑی عمر کے بالغ افراد کو مکمل طور پر ویکسین اور بوسٹر ڈوز لگانے کے بعد موت کے خطرے میں نمایاں کمی آجاتی ہے-