میں پھرکہہ رہا ہوں سب ٹھیک ہوگا:ڈی جی آئی ایس آئی کا اعلان بہت جلد متوقع:شیخ رشید

0
37

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نےکہا ہےکہ ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) کی تعیناتی کے حوالے سے معاملات طے ہیں، اعلان اگلے7 دن تک ہوسکتا ہے۔

ایک نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نےکہا کہ احتیاط کے طور پر7 دن کا کہہ رہاہوں، اعلان ایک دو دن میں بھی ہوسکتا ہے، لوگ جلدی گھبرا جاتے ہیں، عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج جمعہ ہے اگلے جمعے تک سب ٹھیک ہوجائےگا، معاملات طے ہوچکے ہیں ، طریقہ کار کا اعلان 7 دن میں ہوجائےگا، ہوسکتا ہےکل اعلان ہو جائے یا پیرکو ہوجائے ، اگلے جمعے تک سب ٹھیک ہوجائےگا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میری زندگی میں ایسے معاملات لاتعداد آئے ہیں، عمران خان کے ساتھ آیا ہوں اور اسی کے ساتھ جاؤں گا، بعض باتوں کاجواب عمران خان ہی دے سکتے ہیں ، مجھے اندازہ ہے لیکن کیاکرنا ہے فیصلہ عمران خان کا ہوگا، عمران خان نے کہا کہ ان کی باجوہ صاحب سے ملاقات ہوئی اور معاملات طے ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی خوش قسمتی ہےکہ انہیں ایسی ناکارہ اپوزیشن ملی ہے، حکومت کا چوتھا سال ہے ، اس سال کارکردگی دکھانی ہے ، پانچواں سال تو الیکشن کا ہوتا ہے، پاکستان میں کوئی الیکشن ایسانہیں جس پر دھاندلی کاالزام نہ لگاہو، اپوزیشن سیاسی باتیں کرے، الیکٹرونک ووٹنگ پر آج ہم قانون سازی کردیں، الیکشن کمیشن عمل درآمدکا پابند ہے۔

Leave a reply