اسلام آباد:پیغمبر اسلامﷺ کی حرمت سے متعلق میری کوششوں کی تائید وحمایت پر روسی صدرکا شکریہ ادا کرتا ہوں‌:اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے پیغمبر اسلام ﷺ کی حرمت سے متعلق دیئے گئے بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ توہین رسالت سے متعلق بیان میرے مؤقف کی تائید ہے۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ میں صدر پیوٹن کے اس بیان کا خیرمقدم کرتا ہوں جو میرے اس پیغام کی تصدیق کرتا ہے کہ ہمارے نبی پاک ﷺ کی توہین "آزادی اظہار” نہیں ہے۔ ہم مسلمانوں کو خصوصاً مسلم رہنماؤں کو اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے اس پیغام کو غیر مسلم دنیا کے رہنماؤں تک پہنچانا چاہیے۔

سالانہ پریس کانفرنس میں روسی صدر کا کہنا تھاکہ شان رسالت ﷺ میں گستاخی لوگوں کو ناراض کرنے اور اشتعال دلانے کا باعث بنتی ہے اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی آزادی اظہار رائے نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ شان رسالت ﷺ میں گستاخی مذہبی آزادی کے خلاف ہے اور مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا ہے۔

متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو پر حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھاکہ ایسی حرکتیں انتہا پسندی کی طرف لے جاتی ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اسلاموفوبیا کے خلاف سرکردہ فورمز پر آواز اٹھا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے توہین رسالت اور اسلاموفوبیا کے معاملے پر مسلم ممالک کے سربراہان کو خط بھی لکھا تھا۔

Shares: