پینٹاگان نے کہا ہے کہ امریکی فورسز نے شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں القاعدہ سے وابستہ ایک گروپ پر حملہ کیا تھا۔
امریکی فورسز نے ادلب میں شام میں القاعدہ کے لیڈروں کے ایک اجتماع کو اس ( فضائی) حملے میں نشانہ بنایا تھا اور اس میں کم سے کم چالیس جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔امریکا کی مرکزی کمان کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ارل براؤن نے ہفتے کی شب ایک بیان میں الزام عاید کیا ہے کہ’’القاعدہ کا یہ گروپ امریکی شہریوں ، ہمارے شراکت داروں اور بے گناہ شہریوں پر حملوں کی دھمکیاں دے رہا تھا۔ ‘‘
ترجمان نے مزید کہا کہ ’’شمال مغربی شام القاعدہ کے لیڈروں کی بدستور ایک محفوظ جنت ہے اور وہ پورے خطے اور مغرب میں دہشت گردی کی کارروائیوں کو اسی علاقے سے فعال انداز میں مربوط بناتے ہیں۔ہم متشدد انتہا پسندوں کو شام کو ایک محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنے سے روکنے کے لیے حملوں میں نشانہ بناتے رہیں گے۔‘‘