نامور صحافی ادریس بختیار وفات پا گئے، سیاسی، مذہبی و صحافتی تنظیموں کا اظہار تعزیت
پاکستان کے معروف اور سینئر صحافی ادریس بختیار بدھ کے دن کراچی میں وفات پاگئے ہیں. وہ پاکستانی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے ساتھ کئی دہائیوں سے منسلک رہے اور صحافتی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے ہیں.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ادریس بختیار پچھلے کچھ عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے. وہ کئی برس تک بی بی سی سے بھی منسلک رہے. اسی طرح وہ دی سٹار، ہیرالڈ اور دیگر اداروں سے بھی وابستہ رہے ہیں. ان کی وفات پر سیاسی و مذہبی شخصیات، سماجی و صحافتی تنظیموں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے تعزیت کا اظہار کیا ہے.
ادریس بختیار کے آباؤ اجداد سے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ اجمیر سے ہجرت کر کے حیدر آباد آئے اور پھر یہیں آباد ہو گئے تھے. انہوں نے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز بھی اسی شہر سے کیا تھا. معروف صحافی ادریس بختیار نے مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز میں اہم ادارتی عہدوں پر کام کیا اور پاکستان میں صحافیوں کی تنظیم پی ایف یو جے کے ایک دھڑے کے صدر بھی رہے۔
ان کی وفات پر صحافتی برادری میں خاص طور پر رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے.