آئی جی پنجاب نے پولیس اہلکاروں کی ہفتہ وار ریسٹ کیلئے ”لیو اینڈ اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم“ کا افتتاح کر دیا

0
34

لاہور24مارچ-انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ ہفتہ وار ریسٹ پولیس فورس کے ہر اہلکار کا بنیادی حق ہے جسکی اجازت نہ دینے والے انچارجز اور سپروائزری افسران کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس اہلکار انتہائی سخت حالات میں پریشر ڈیوٹیز سر انجام دیتے ہیں چنانچہ ہفتہ وار ریسٹ ملنے سے ان پر کام کا دباؤ اور بوجھ کسی حد تک کم ہوسکے گا اور انکی کارکردگی میں بھی مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس فورس بالخصوص جونیئر رینک اہلکاروں کی ویلفیئر اور انہیں دوران ڈیوٹی بہترین ماحول کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مزید اقدامات کئے جائیں تاکہ وہ زیارہ محنت، توجہ اور بلند مورال کے ساتھ شہریوں کی خدمت اور حفاظت کے فرائض سر انجام دے سکیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس اہلکاروں کی ہفتہ وار ریسٹ کا جدید انٹی گریٹڈ”لیو اینڈ اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم“ایک احسن اقدام ہے جسے آج سے ہی فوری طور پر فعال کردیا جائے تاکہ اہلکاروں کوہفتہ وار ریلیف کی فراہمی بلاتاخیر شروع ہوجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹر ل پولیس آفس میں پولیس اہلکاروں کی ہفتہ وار ریسٹ کیلئے ڈیزائن کردہ خصوصی سسٹم’’لیو اینڈ اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم“ کے افتتاح کے موقع پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرڈی آئی جی آپریشنز سہیل سکھیرا اور ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر نے آئی جی پنجاب کو نئے سسٹم کے فیچرز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈی آئی جی آپریشنز سہیل سکھیرا نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ”لیو اینڈ اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم“ پولیس فورس کے مرکزی ڈیٹا بیس ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم(HRMIS) اور تھانوں کے ورکنگ نظام پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم(PSRMS) کے ساتھ انٹی گریٹڈ ہے اور اس جدید آٹو میٹک سسٹم کے تحت ہر تھانے یا پولیس دفتر میں موجودتمام نفری کا”ہفتہ وار ریسٹ روسٹر“ بنا کرے گا

اور”ہفتہ وار ریسٹ روسٹر“ کے مطابق ہر اہلکار کو اس کی چھٹی سے قبل سسٹم کے ذریعے ایس ایم ایس چلا جایا کرے گاجسے وہ باآسانی حاصل کرسکے گا۔ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیرنے بتایا کہ چھٹی پر جانے والے اہلکار کا پروفائل چھٹی کے روز ڈی ایکٹویٹ ہوجایا کرے گا اور ایس ایچ اواور محرریا کوئی بھی سپر وائزری افسر ریسٹ کے روز اسکی کوئی ڈیوٹی نہیں لگا سکیں گے اور متعلقہ اہلکار لازمی ریسٹ حاصل کرے گا۔

آئی جی پنجاب نے ”لیو اینڈ اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم“کو سراہتے ہوئے کہاکہ جدید سسٹم فعال ہونے سے آپریشنل سسٹم میں مزید شفافیت آئے گی اور اہلکاروں کی ہفتہ وار چھٹی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہفتہ وار ریسٹ کے جدید ”لیو اینڈ اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم“ میں جاری کی گئی

ایس او پیزاور ہدایات پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور جوسپر وائزری افسر اِن ایس او پیز کی خلاف ورزی کرے اسے جواب دہ ٹھہرایا جائے۔ افتتاحی تقریب میں ڈی آئی جی آپریشنز سہیل سکھیرااور ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر پی آئی ٹی بی کے افسران بھی موجود تھے۔
٭٭٭٭٭٭

Leave a reply