پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر فیصل ندیم نے کہا ہے کہ گزشتہ دودہائیوں سے ملک کو بے رحمی سے لوٹا گیا ہے۔حالیہ مہنگائی کی لہرانہیں لوگوں کی طرزحکمرانی کی وجہ سے برپا ہوئی ہے۔ ملک کی دولت لوٹنے والے بیرون ممالک میں عیش وعشرت کی زندگی گزارتے ہیں۔ کرپشن کی روک تھام کے لئے مثبت خاطر خواہ اقدامات کا نہ ہونا عوام میں تشویش اور مایوسی کو جنم دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والوں کا کڑااحتساب ہونا چاہیے۔پوری قوم اداروں کے ساتھ کھڑی ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ۔فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ کرپشن نے انصاف کا گلادبایا ہوا ہے۔ غریب کو بنیادی حقوق میسر نہیں۔ امیر امیر تر اور غریب غربت کی لکیر سے نیچے جارہاہے۔ ملک میں کاروباری طبقہ اور عام شہری ٹیکسوں کی بھر مار کی وجہ سے بند گلی میں چلے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ معیشت تباہ ، بجلی و پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ،صحت و تعلیم کےناقص سہولیات سمیت پورا ملک مسائل کی دلدل میں پھنس چکاہے۔بے پناہ معدنی وسائل اور محنت کشوں کی بہتات ہونے پر بھی معیشت کاپہیہ رک جانا،کرپٹ نظام چلانے والوں کی جانب اشارہ کرتا ہے۔
ندیم کے مطابق اگرملک کو بچانا ہے تو احتساب ضروی ہے۔ اور احتساب ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ملک کو ترقی کی طرف لیجانےاور ماڈل بنانےکےلیے کرپشن کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔کرپشن میں ملوث عناصر سے قومی دولت وصول کی جائے اور ملک کے آئین وقانون کے تحت ان کی سزا کا فیصلہ کیا جائے۔پوری قوم اداروں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔