احتیاط نہ کیا تو بہت مشکل وقت آنے والا ہے، وزیر اعظم
باغی ٹی وی : وزیراعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز پر عمل کریں۔ اگر احتیاط نہ کی تو بہت مشکل وقت آنے والا ہے۔
کورونا وائرس سے متعلق صورتحال سے قوم کو آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کورونا وائرس کو سنجیدہ نہیں لے رہے اور کہہ رہے ہیں کہ یہ فلو ہے، اس لیے ایس او پیز پر عمل نہیں کرتے، میں سب کو کہنا چاہتا ہوں کہ اس عمل سے ہم سب کی زندگی مشکل میں ڈال رہے ہیں۔ ماسک ضرور پہنیں۔ ماسک کی وجہ سے 50 فیصد بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کورونا کنٹرول میں رہے تاکہ ہسپتالوں پر دباؤ نہ پڑے۔ ساری دنیا نے لاک ڈاؤن کھول دیا ہے، لاک ڈاؤن کے اثرات معیشت پرپڑتے ہیں، لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دارطبقہ سب سے زیادہ متاثرہوا، لوگوں کےگھروں میں بھوک ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا مطلب وائرس ختم نہیں ہوگا، لاک ڈاؤن کرکے وائرس کے پھیلاؤکوکم کرنا ہے۔ اگر احتیاط نہ کی تو بہت مشکل وقت آنے والا ہے، صرف احتیاط سے مشکل وقت سے بچا جا سکتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی ملک زیادہ دیر تک لاک ڈاؤن برداشت نہیں کر سکتا، کیونکہ معیشت بھی چلانی ہوتی ہے، امریکا نے بھی لاک ڈاؤن کھول دیا ہے، جہاں پر ایک لاکھ سے زائد لوگ مر چکے ہیں۔ کوشش کر رہے ہیں کہ ایک ہزار سے زائد بیڈز (جن میں آکسیجن ہوتے ہیں) سارے پاکستان میں پہنچا دیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کو احتیاط کرنی چاہیے، اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو ملکی حالات بھی یورپ، برازیل اور دیگر ممالک کی طرح ہو سکتے ہیں، امریکا میں ایک روز کے دوران دو ہزار سے زائد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پاکستان میں تین ماہ کے دوران دو ہزار جاں بحق ہوئے ہیں۔
واضحرہے کہ ڈیپ نالج گروپ کے ذریعہ اقوام عالم اور اس وبائی امراض کے خلاف ان کی حفاظت کے بارے میں ایک حالیہ تحقیق میں پاکستان کو کورونا وائرس کے لئے تیسرے نمبر پر خطرے سے دوچار ممالک میں شامل کیا گیا ہے۔
حفاظتی اسکور 370 (سب سے زیادہ 752) کے ساتھ پاکستان 200 ممالک میں سے 148 ویں نمبر پر آیا۔250 صفحات پر مشتمل اس سٹڈی میں سوئٹزرلینڈ کو کورونا وائرس کے لحاظ سے دنیا کا محفوظ ترین ملک قرار دیا گیا ہے ، اس کے ساتھ ہی سوڈان 200 ویں پوزیشن پر ہے ، جس کے اسکور 300 ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 671 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ 2 ہزار 67 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 728 نئے کیسز رپورٹ ہوئےجبکہ مزید 65 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا سےمتاثرہ 34 ہزار 355 مریض صحتیاب ہو گئے۔