اداکار اعجاز اسلم اور فیصل قریشی جلد ہی نئے ڈرامے میں ایک ساتھ نظر آئیں گے

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی اور نامور اداکار اعجاز اسلم جلد ہی نئے ڈرامہ سیریل ’لوگ کیا کہیں گے‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

باغی ٹی وی : لوگ کیا کہیں گے میں اعجاز اسلم اور فیصل قریشی کے ساتھ ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی یہ ڈرامہ ایک مالدار گھرانے کو درپیش مشکل حالات سے گزرنے پر مبنی ہے۔

اعجاز اسلم ڈرامہ سیریل لوگ کیا کہیں گے میں حسیب کا کردار ادا کریں گے جو اپنے اہل خانہ کی ضروریات اور خواہشیں پوری کرنے کے لیے کسی بھی حد جاسکتا ہے اور جب مشکل وقت آتا ہے تو اس کا امتحان شروع ہوجاتا ہے۔

ڈرامے کا پہلا ٹیزر جاری کیا گیا جس میں اعجاز اسلم کو صحیفہ جبار خٹک کا محبت کرنے والا شوہر اور ایک پیار کرنے والا باپ دکھایا گیا ہے جو اپنی بیٹی دانیہ کے عیش و آرام پر بے دریغ پیسہ خرچ کرتا ہے-

تاہم مالی مشکلات کی وجہ سے ہر چیز نہ صرف اس کے لیے بلکہ اس کے گھر والوں کے پریشان کن صورت اختیار کرلیتی ہے۔

جبکہ ڈرامے میں فیصل قریشی کو ایسے کردار میں دکھایا گیا ہے جس میں وہ ایک خوشحال اور کامیاب شخص اچھا باپ اور شوہر ہوتا ہے لیکن اس کو ہمیشہ سب عیش و آرام چھن جانے کا خوف ہوتا ہے کہ اگر یہ سب چھن گیا تو لوگ کیا کہں گے-

ڈرامے کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکار اعجاز اسلم کا کہنا ہے کہ میں اس پروجیکٹ کے لیے بہت پرجوش ہوں، کہانی، پروڈکشن، ہدایتکاری، اور بہترین کاسٹ میرے لیے ایک شاندار تجربہ ہے-

فیصل قریشی کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے اعجاز اسلم کا کہنا تھا کہ مجھے فیصل کے ساتھ دوبارہ کام کر کے بہت اچھا لگا اور حسیب کا کردار ادا کر کے مزا آیا-

ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں کنزہ رزاق، سکینہ سموں، افشاں قریشی اور حمیرا ظہیر شامل ہیں۔

اعجاز اسلم نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے ک ناظرین بھی اسے دیکھنا پسند کریں گے-

Comments are closed.