راولپنڈی:پنڈی ٹیسٹ کا پہلا روز، امام کی شاندار بلے بازی، پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ،اطلاعات کے مطابق پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 170 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور قومی ٹیم کو پہلا نقصان 105 رنز پر ہوا جب عبداللہ شفیق چھکا لگانے کی کوشش میں ناتھن لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ امام الحق 91 اور اظہر علی 30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
قبل ازیں ٹاس جیت کر پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے اور اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجانے کی کوشش کریں گے، وکٹ آخری دنوں میں اسپینرز کے لیے سازگار ہو سکتی ہے۔
Pakistan won the toss and elected to bat! #BoysReadyHain l #PAKvAUS pic.twitter.com/LkPbX9j3Vp
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) March 4, 2022
قومی ٹیم میں بابر اعظم کے علاوہ محمد رضوان، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، ساجد خان، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف الارڈائس کا کہنا ہے کہ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان تاریخی سیریز ہورہی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل(آئی سی سی)، آسٹریلین کرکٹ بورڈ اورپاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے حکام نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف الارڈائس کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی ٹیسٹ سیریز ہورہی ہے۔ آسٹریلیا کا دورہ پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے بھی اہم ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہاکلی نے کہا کہ پاکستان میں آج تاریخی دن ہے۔آسٹریلیا کی ٹیم کے شاندار استقبال پرپی سی بی اورپاکستانی کرکٹ مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی تیاریاں دیکھ کر اعتماد مزید بڑھ گیاہے۔ کرکٹ سیریز سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوستی کو بھی فروغ ملےگا۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا اہم دن ہے۔پاکستانی مداحوں نے آسٹریلیا کودیکھنے کے لئے 24 سال انتظارکیا۔ راولپنڈی ٹیسٹ سے دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ روابط کا نیا آغاز ہوگا








