عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) پاکستان کا شُکر گزار
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹرکرسٹیلینا جارجیوا کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کوخط بھیجا گیا جس میں افغانستان میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا گیا۔
باغی ٹی وی : خط میں کرسٹیلینا جارجیوا نے کہا کہ مشکل گھڑی میں افغانستان سے عملے کے بحفاظت انخلا پر پاکستان کے مشکور ہیں خط میں کہا گیا کہ مشکل وقت میں انخلا پر پاکستان کی کوششیں کلیدی اہمیت کی حامل ہیں –
خط میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ایم ڈی آئی ایم ایف نے وزیر خارجہ، وزیر خزانہ، وزیر دفاع اور گورنر اسٹیٹ بینک کے کردار کی بھی تعریف کی۔
دوسری جانب آئی ایم ایف نے ممبر ممالک کے لیے قرض پروگرام کا آغاز کر دیا ہے ذرائع کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف سے 2 ارب 77 کروڑ ڈالر قرض ملے گا جو مشروط طور پر دیا جا رہا ہے۔
پاکستان کو آئی ایم ایف سے آج 2 ارب 77 کروڑ ڈالرقرض مل جائے گا
واضح رہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے ممبر ممالک کے لیے قرض کی منظوری دی تھی آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ نے کورونا سے نمٹنے کے لیے ممبر ممالک کو 650 ارب ڈالر قرض پروگرام کی منظوری دی تھی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا بتانا ہے کہ یہ رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو گی اس رقم کی منتقلی سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند سطح تک پہنچ جائیں گے۔