وزیراعظم عمران خان سے امریکا میں آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ورلڈ بینک کے صدر نے ملاقات کی ہے ، آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر نے پاکستان میں اصلاحاتی عملداری کے عمل کیلئے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک حکام نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے اقتصادی ترقی کے وژن پر عمل درآمد میں فوری تعاون کیلئے تیار ہے
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظمم عمران خان امریکا کے دورے پر ہیں،وزیراعظم عمران خان سے پاکستانی سفارتخانے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر ڈیوڈ لیپٹن نے ملاقات کی۔ مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیا کے ڈائریکٹر جیہاد آزور اور فنڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جعفر مجرد اور منیجنگ ڈائریکٹر کے چیف آف سٹاف الفرید کمیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد ، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور واشنگٹن میں پاکستانی سفیر اسد مجید نے وزیراعظم کی معاونت کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حالیہ توسیعی فنڈ کی سہولت (ای ایف ایف) کی منظوری پر آئی ایم ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے نشاندہی کی کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات پر عملدرآمد اقتصادی استحکام اور اقتصادی نمو کی بحالی میں معاون ثابت ہو گا۔ وزیراعظم نے پائیدار اور طویل المدت گروتھ کیلئے میکرواکانومک اور ڈھانچہ جاتی چیلنجز کو حل کرنے کیلئے درکار تمام ضروری اقدامات اٹھانے کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت نے معاشر ے کے پسے ہوئے طبقات پر اصلاحاتی عمل کے ابتدائی منفی اثرات کو کم سے کم کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے جس کیلئے حکومت نے سماجی شعبوں اور سماجی تحفظ کے اقدامات سمیت احساس پروگرام کیلئے مختص فنڈز میں اضافہ کیا ہے۔
ڈیوڈ لیپٹن نے معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے اتفاق شدہ مالیاتی ، مالی ، ایکسچینج ریٹ اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عملدرآمد کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا تاکہ آئی ایم ایف کے پروگرام سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان میں اصلاحاتی عملداری کے عمل کیلئے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا
وزیراعظم عمران خان سے ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس نے پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے صدر کی اہم ذمہ داری سنبھالنے پر ڈیوڈ ملپاس کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کئی برسوں سے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں ورلڈ بینک کے بھرپور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت کا محور عوام ہیں اور ترقیاتی ایجنڈے میں صحت، تعلیم اور پاکستان کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری میں اضافے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ کاروبار کو آسان بنانے کے عمل میں بہتری سمیت حکومت کی اصلاحاتی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ورلڈ بینک زیر تعمیر منصوبوں پر بھی پیش قدمی کرے گا اور یقین دلایا کہ ان کی حکومت اس سلسلے میں ورلڈ بینک سے بھرپور تعاون کرے گا۔
ڈیوڈ ملپاس نے وزیر اعظم کے ترقیاتی ایجنڈے کی تعریف کی اور کہا کہ ورلڈ بینک کے منصوبوں کے بڑے حجم کے ساتھ پاکستان خطے میں اہم ملک ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کے آئی ایم ایف کے نئے پروگرام میں داخل ہونے سے میکرو اکانومک استحکام اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نوجوانوں کی پیشہ وارانہ مہارتوں میں اضافے اور انہیں مارکیٹ کی مانگ کے مطابق روزگار کیلئے تیار کرنے سمیت حکومت کے سماجی تحفظ کے پروگراموں کی بھی تعریف کی۔ ڈیوڈ ملپاس نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دلایا کہ ورلڈ بینک ان کے اقتصادی ترقی کے وژن پر عمل درآمد میں فوری تعاون کیلئے تیار ہے.
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر امریکہ کے تین روزہ سرکاری دورے پر یہاں واشنگٹن میں ہیں۔پاکستان کی عسکری قیادت بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے. وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات پاکستانی کمیونٹی کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا ، وزیراعظم نے کل امریکا میں مصروف ترین دن گزارا، سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی.
وزیراعظم عمران خان کی 23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی۔ وہ امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپیٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب بھی کریں گے، پھر امریکی صحافیوں سے بات چیف ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی سے ملاقات کا شیڈول بھی طے ہے جس کے ساتھ ان کا دورہ امریکا مکمل ہو جائے گا۔
قبل ازیں امریکا پہنچنے پر ایئر پورٹ پر وزیر اعظم عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے موجود تھی۔ وزیراعظم عمران خا ن کی واشنگٹن ڈی سی آمد پر پاکستانی کمیونٹی خوشی سےنہال ہوگئی۔ واشنگٹن میں پاکستان ہاؤس پہنچنے پر پاکستانی کمیو نٹی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعظم عمران کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے لوگ بےتاب نظر آئے۔ ایئر پورٹ سے وزیر اعظم پاکستان ہاؤس پہنچے اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنان اپنے قائد کو ویلکم کہنے کیلئے پاکستان ہاؤس کے باہر موجود تھی۔ خواتین اور بچوں کا جوش بھی قابل دید تھا، کارکنان کی بڑی تعداد نے ڈھول کی تھاپ اور پارٹی ترانوں پر رقص کرکے خوشی کا اظہار کیا۔ پاکستان ہاؤس کےاطراف قومی اورپی ٹی آئی پرچموں کی بہار ہے۔عمران خان کی آمد کے ساتھ ہی فضا پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر سیکیو رٹی کے انتہائی سخت انتظامات دیکھنے میں آئے، وزیراعظم عمران خان قطر ائیر ویز کے ذریعے امریکا پہنچے، وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا پر 50 ہزار ڈالر خرچ آئے گا جبکہ اس سے قبل پاکستان کے وزراء اعظم کے دورہ امریکا پر چار لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر خرچ آتا تھا