اسلام آباد::پاکستان تحریک انصاف کی آئینی نظرثانی کمیٹی کا اہم اجلاس ،اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی آئینی نظرثانی کمیٹی کے اہم اجلاس میں پارٹی آئین حتمی منظوری کے لئے وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔منگل کوپاکستان تحریک انصاف کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اجلاس کی صدارت کی ۔

ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، گورنر پنجاب چوہدری سرور،وزیر بحری امور علی حیدر زیدی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے آئین کے خدوخال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں جماعتی آئین میں ترامیم کے حوالے سے مختلف امکانات کا بھی مفصل جائزہ لیا گیا۔آئینی کمیٹی نے آئین کے حوالے سے اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دے دی جو کہ حتمی منظوری کیلئے وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی خدمت میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

Shares: