صدرمملکت سے صدرآزادکشمیر کی اہم ملاقات:مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرتشویش

0
46

اسلام آباد :صدرمملکت سے صدرآزادکشمیر کی اہم ملاقات:مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرتشویش ،اطلاعات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے، ہندوتوا کے نسل پرستانہ بھارتی نظریے سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور نسل پرستی پر مبنی پالیسی کا نوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ پورا کرے۔

وہ پیر کو صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے، بھارت کشمیر میں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دے کر اور کشمیریوں کی نسل کشی سے کشمیر کا آبادی ڈھانچہ تبدیل کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ہندوتوا کے نسل پرستانہ نظریے سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں، مودی سرکار نہتے اور معصوم کشمیریوں کے خلاف ظالمانہ ہتھکنڈوں سے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتی۔

صدر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف بھارتی مظالم اور نسل پرستی پر مبنی پالیسی کا نوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا وعدہ پورا کرے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

Leave a reply