عمران خان گمراہ کن پروپیگنڈا کرکے نوجوانوں کو ملکی اداروں کیخلاف بھڑکا رہا. سردار تنویر الیاس

سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے اپنی رہائش گاہ پر انکشافات سے بھرپور پریس کانفرنس کی ہے جس میں سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا عمران خان ایک سازش کے تحت فوج اور سپہ سالار کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تعیناتی سے دو دن پہلے ہونے والاتحریک انصاف کا لانگ مارچ اسی سازش کی کڑی تھی.

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سی ای سی کی میٹنگ میں پاک فوج کو ایسے دکھایا جاتا تھا جیسے یہ بھارت کی فوج ہے ، میں نے اس وقت بھی اس بیانیے کی مخالفت کی تھی، اور ہم نے عمران خان سے کہا آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں مارچ کو دو دن آگے کریں جس پر عمران خان نے کہا کہ عاصم منیر کو آرمی چیف بننے سے روکنا ہے تاہم میں نے اسوقت بھی عمران خان کو کہا تھا آپ غلط کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا میں نے کہا 32 سال بعد آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں خدارا آزاد کشمیر کے لوگوں کی خاطر میری بات مانیں اور اپنا دھرنا آگے کر دیں تا کہ ہمیں انتخابات کے لیے وفاق سے سیکورٹی ملے ۔ عمران خان سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاسوں میں فوج کی اعلی قیادت کو تضحیک آمیز (نک نیمز) القابات سے نوازتے تھے، عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے وقت عمران خان چاہتے تھے عدم اعتماد کو فوج ناکام بنائے

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوج نے اس ساری صورتحال میں نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کیا، عمران خان نے پارٹی میٹنگ میں کہا اب فوج مخالف بیانیہ بنانا ہے ، میں نے اس وقت بھی عمران خان کی مخالفت کی جبکہ چند دن بعد ایک کاغذ کا ٹکرا لہرا لہرا کر اپنی فوج کو میر جعفر ، میر صادق اور جانور جیسے القابات سے نوازا گیا تاہم میں نے پارٹی میٹنگ میں کہا کہ اپنے سیاسی فائدے کے لیے پریمئیر ایجنسی کے ڈی جی سی کا نام ایف آئی آر میں دینے کی بات نہ کریں.

سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا عمران خان فوج اور قوم میں دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں ان کا پروپیگنڈا گمراہ کن ہے۔ اور عمران خان نوجوانوں کے ذہنوں میں فوج کے خلاف جذبات بھڑکا رہے ہیں جبکہ عمران خان اقتدار سے باہر تھے تو کہا کوئی ٹیکس نہ دے ، سول نافرمانی کی تحریک شروع کی، *سلیپر سیلز کے زریعے فوجی تنصیبات پر حملے کرواے جا رہے ہیں، میڈیا سے کہوں گا عمران خان سے پوچھیں آپ اقتدار کی ہوس میں اتنے اندھے ہو گئے ؟ ملکی سلامتی کے ضامن ادارے کے خلاف آپ اس حد تک کیوں جا رہے ہیں ؟

سردار تنویر الیاس نے کہا عمران خان کے دور حکومت میں بدترین گورننس رہی لہذا صحافیوں سے کہتا ہوں عمران خان سے پوچھیں اپنے دور حکومت میں آپ نے کون سا مثالی ادارہ بنایا؟ جبکہ قوم و صحافی عمران خان سے پوچھیں آپ کے پاس ملک چلانے کا کیا وژن ہے ؟

Comments are closed.