لاہور:مسلم لیگ ن کے منحرف ایم پی اے میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا ہے کہ عمران خان کو بیرونی سازش کے تحت ہٹایا جا رہا ہے۔میاں جلیل شرقپوری کہتے ہیں کہ بڑے افسوس کا ساتھ کہنا پڑرہا ہےکہ اس سازش کوعملی جامہ پہنانے میں وہ ساتھ رہے ہیں جن کی سیاست پاکستان میں جبکہ ان کا مستقبل امریکہ اور برطانیہ میں ہے
میاں جلیل احمد شرقپوری نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کے ساتھ تھا، ہوں اور ساتھ ہی رہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیا الیکشن ہی بہتر راستہ تھا، ہمارے بڑوں نے سستا آٹا چینی کے لیے قربانیاں دے کر پاکستان نہیں بنایا تھا، یورپی طاقتوں کے سامنے اسلامی تشخص منوانے والا عمران خان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور زرداری نے اس مولانا کو آگے لگایا ہوا ہے جو شروع سے اب تک پاکستان مخالف ہیں۔
ادھروفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے جمعے کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عالمی سازش کیخلاف لیفٹیننٹ جنرل(ر) طارق خان کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دیدیا گیا ہے جو دھمکی آمیز لیٹر کی تحقیقات کریگا۔
فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد کہا کہ یہ کمیشن تحقیقات کرے گا کہ لیٹر میں میں رجیم چینج کی دھمکی موجود ہے یا نہیں، سازش کہاں سے بنی، مقامی ہینڈلر کون ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نےعالمی سازش کوسامنےرکھ کر کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا، کیونکہ مخصوص لوگ ہیں جنہیں معلوم تھا کہ یہ سازش کہاں بنی، غیرملکی ایمبیسی سے8 سے زائد منحرف اراکین کو اپروچ کیا گیا، منحرفین نےان سےملاقاتیں کیں اور کمٹمنٹس کیں، ان ملاقاتوں کے ریکارڈ خفیہ اداروں کے پاس موجود ہیں، کمیشن تفصیلات کا جائزہ لے گا اور اپنی تحقیقاتی ٹیمیں بنا سکےگا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے وزیراعظم عمران خان پراعتماد کااظہار کیا اور اعتماد کا اظہار کرکے قرارداد بھی منظور کی۔ ہم کہیں نہیں جارہے،عمران خان وزیراعظم ہیں اور رہیں گے، پنجاب میں بھی منحرفین کو نوٹسز بھیج دیے ہیں ہم قانون کے مطابق آگےبڑھیں گے۔ اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ لیٹر کا مواد کل تمام ممبران اسمبلی کےسامنے رکھا جائیگا۔