بیرسٹر گوہر کی حکومت پر تنقید، بانی پی ٹی آئی کی جلد واپسی کا اعلان

0
88
gohar

اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے جلسے پر پارٹی کارکنان اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے بانی پی ٹی آئی کے جذبے اور جنون کی جیت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ بانی پی ٹی آئی کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے اور عوام کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا جنون آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ "کہتے تھے اسلام آباد کو پنجرہ نہیں بنانا، آج پھر حکومت نے اسلام آباد کو پنجرہ بنا دیا۔” انہوں نے حکومت کو "جعلی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ "یہ حکومت رات کے اندھیرے میں قانون سازی کرتی ہے اور اپنے آپ کو این آر او دینے کے لیے قانون سازی کرتی ہے۔”
انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو ایک ناقابل تردید حقیقت قرار دیا اور کہا کہ انہیں تسلیم کرنا پڑے گا۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ یہ 90 کی دہائی نہیں کہ کسی کو مائنس کردیا جائے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "بانی پی ٹی آئی کو مائنس نہیں کیا جا سکتا، وہ ایک لیڈر تھے، ہیں اور رہیں گے۔بیرسٹر گوہر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ "8 فروری کو ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، جس ملک کا لیڈر کرپٹ ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا۔” انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان ہمارے ہاتھ سے نکل رہا ہے، اور عدالتوں میں مرضی کے ججز لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ "مرضی کے کورٹ اور ججز کا وقت گزر چکا، ہم مرضی کی کورٹ اور ججز کی مخالفت کریں گے۔
جلسے کے دوران، بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کی عوام دوستی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "بانی پی ٹی آئی عوام کی بات کرتے ہیں، اور وہ جلد ہمارے درمیان ہوں گے۔” انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی جلد دوبارہ وزیراعظم بنیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف ان کی مرضی کے فیصلے قبول نہیں کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ "ہم ملک اور جمہوریت کے لیے نکلے ہیں، حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ عوام کو غیر اہم نہ سمجھیں۔” انہوں نے خبردار کیا کہ "حکمران عوام کا راستہ نہ روکیں، راستہ روکا گیا تو ایسا نہ ہو کہ ملک بند گلی میں چلا جائے۔انہوں نے بتایا کہ "ہم 6 ماہ سے جلسے کا انتظار کر رہے تھے، ہمارا جلسہ ناکام بنانے کے لیے کنٹینر کھڑے کیے گئے، لیکن کنٹینرز کے باوجود ہم سب جلسہ گاہ پہنچے۔” بیرسٹر گوہر نے زور دے کر کہا کہ "آج ثابت ہوگیا کہ پوری قوم قیدی نمبر 804 کے ساتھ ہے۔

Leave a reply