کراچی، پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے وائس چیئر مین رفیق احمد خاصخیلی نے کہا ہے کہ عمران خان مافیاز کے زور پر آئے ہیں اور اب انہیں تحفظ دے رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت آٹا وشوگر مل، بجلی و گیس مافیاؤں، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے آگے بے بس نظر آ رہی ہے۔ شوگر مل مافیا غلط اعداد و شمار سے حکومت کو بے وقوف بنا رہی ہے لیکن حکومت کے پاس یا تو اہلیت نہیں ہے یا پھر وہ چشم پوشی سے کام لے رہے ہیں۔ گندم سستی خریدنے کے باوجود گنے مہنگا خریدنے کا ڈھنڈھورا پیٹ رہے ہیں۔ عام عوام اور غریب کسانوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ عمران خان ان کے لئے ہمیشہ نچلا طبقہ کا لقب استعمال کرتے ہیں۔
انہیں غریبوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ آٹا و چینی سمیت ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے، غریب عوام کا جینا محال ہو گیا ہے۔ ملک کی آدھی آبادی کی نمک روٹی کھانے کی بھی استطاعت نہیں رہی۔ حکومت غریب عوام کو ریلیف دینے میں نہ صرف ناکام رہی ہے بلکہ انہیں مہنگائی کی چکی کے پاٹوں میں پیس دیا گیا ہے۔ مہنگائی مافیاؤں کے خلاف کئے جانے والے تمام حکومتی اقدامات نمائشی ہوتے ہیں۔ حکومت عوام پر رحم کرے اور عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کے لئے اقدامات کرکے ان کی دعائیں لے۔ ملک کو پڑھی لکھی نئی قیادت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاسبان کے وائس چیئرمین رفیق احمد خاصخیلی نے پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کی آن لائن میٹنگ کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہحکومت کی طرف سے آٹا، چینی، گندم سمیت مافیاؤں کو دی جانے والی چھوٹ نے عوام کو فاقوں اور خودکشی پر مجبور کر دیا ہے۔ سارے ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور حکومت کی صفوں میں ہیں۔ مافیاؤں نے صرف ناجائز منافع خوری ہی نہیں،ٹیکس چوریوں میں بھی اربوں روپے کمائے ہیں۔ آئے دن پٹرولیم مصنوعات میں ہونے والا اضافہ مہنگائی کا طوفان لے کر آتا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کا سارا بوجھ عوام پر پڑتا ہے جب کہ فائدہ مہنگائی مافیا کو ہوتا ہے۔ جب سے ملک میں تبدیلی کی حکومت آئی ہے، عوام کی خوشحالی، بدحالی میں تبدیل ہو گئی ہے۔
حکومت نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا ہے۔ موجودہ حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عام آدمی کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ آئے روز بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی، بجلی و سوئی گیس کی بندش اور بھاری بلز نے عوام کو ذہنی طور پر مفلوج کردیا ہے۔ روز مرہ اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ سے غریب عوام مہنگائی کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں۔ حکومت کو چاہئیے کہ وہ فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے کاشتکاروں اور کسانوں کو حقیقی معنوں میں سبسڈی دے۔ مافیاؤں کے گرد گرفت سخت کر کے انہیں ٹیکس چوری اور عوام کو لوٹنے سے باز رکھے۔ تاجروں کو مناسب سہولیات فراہم کرے تاکہ تاجر بھی ٹیکس ادا کرنے پر تیار ہو جائیں۔ ایسی معاشی اصلاحات نافذ کرے جن سے عوام کو حقیقی ریلیف میسر آسکے








