کراچی – جامعة الدراسات الاسلامیہ کے طالب علم ممتاز علی کو وزیر اعظم عمران خان نے اعلیٰ کارکردگی پر”مثالی طالب علم“ کا ایوارڈ دے دیا۔ وزیر اعظم ہاﺅس اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران جامعة الدراسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی یوسف کشمیری بھی موجود تھے۔ طالب علم ممتاز علی کو وفاق المدارس اور جامعة الدراسات الاسلامیہ کے مختلف شعبہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے پر ”مثالی طالب علم“ قرار دیا گیا۔ مدیر الجامعة مفتی یوسف کشمیری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دینی مدارس کے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی خوش آئند ہے۔ ہم اس تقریب کے انعقاد پر وزیر اعظم کے مشکور ہیں۔ دینی مدارس تعلیم کے فروغ کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں منصوبے کے تحت مدارس کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کیا گیا اور انہیں دہشت گردی سے جوڑ کر مدارس کے کردار کو مشکوک بنانے کی کوششیں کی گئیں۔ امید ہے وزیر اعظم کا یہ قدام مداراس کے خلاف منفی پروپیگنڈا زائل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے جامعة الدراسات اسلامیہ کے طالب علم ممتاز علی کو مبارک باد دی اور یہ امید ظاہر کی کہ تمام طلبہ ”مثالی طالب علم“ بننے کے لیے حصول تعلیم پر توجہ دیں گے اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

Shares: