عمران خان کی مبینہ اشتعال انگیز تقاریر،کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی

0
71

عمران خان کی مبینہ اشتعال انگیز تقاریر،کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی گئی.

سابق وزیراعظم عمران خان کی اشتعال انگیز تقاریر کے خلاف کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی مبینہ اشتعال انگیز تقاریر کے خلاف کیس کی سماعت آج بروز جمعرات 8 ستمبر کو ہوئی۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ آج ہونے والی سماعت میں درخواست گزار قوسین فیصل کے وکیل کی جانب سے التوا کی درخواست عدالت میں پیش کی گئی۔ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ وکیل کمر کے درد کے باعث پیش ہونے سے قاصر ہیں۔ التواء کی درخواست کے ساتھ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائینسز ( پمز ) کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی منسلک کیا گیا۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار کے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث سماعت آگے نہیں بڑھائی جا سکتی۔

عدالت کی جانب سے درخواست گزار قوسین فیصل کے وکیل کی التواء کی درخواست منظور کرتے ہوئے عمران خان کیخلاف کارروائی کی درخواست پر سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔

اس سے قبل 4 اگست کو ہونے والی سماعت کو ستمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کیا گیا تھا۔ گزشتہ ہونے والی سماعت میں عدالت نے درخواست گزار کو ججز کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات پر تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی کنونشن سنٹر میں ورکرز کنونشن کی اجازت نہ دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کی جبکہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو کنونشن سنٹر میں ورکرز کنونشن کی اجازت دے دی ہے اور اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو این او سی بھی جاری کردیا ہے.

علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو این او سی ملنے پر درخواست نمٹا دی، تحریک انصاف کے وکیل نے کہا: ہمیں این او سی مل گیا ہے ٹرم اینڈ کنڈیشن بھی مل گئ ہیں، وکیل پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ: ایک درخواست ہے کہ عدالت آئندہ کے لیے ڈائریکشن دے دے.
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ: مستقل کے لیے ہم کوئی ڈائریکشن نہیں دے سکتے.


چیف جسٹس نے کہا کہ: انتظامیہ کا معاملہ ہے مستقبل میں کیا ہو سکتا ہے حالات کا پتہ نہیں ہوتا، یہ عدالت انتظامیہ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی اور آپکو این او سی مل گیا ہے بس آپکی درخواست نمٹا رہے ہیں. ڈی سی اسلام آباد نے بتایا کہ پانچ ستمبر کو انکی درخواست آئی ہے.

Leave a reply