عمران خان سیلاب متاثرین نہیں بیانیہ زندہ رکھنے کے مشن پر ہیں۔

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان سیلاب متاثرین نہیں بیانیہ زندہ رکھنے کے مشن پر ہیں۔ وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے، اور 80 اضلاع آفت زدہ ہیں، جب کہ عمران خان سیلاب متاثرین نہیں بلکہ اپنا بیانیہ زندہ رکھنے کے مشن پر ہیں۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے 3 کروڑ لوگ متاثر ہوچکے ہیں اور لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں، جب کہ عمران خان جلسوں اور قوم کو انقلاب کیلئے جگانے میں مصروف ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان سیلاب زدگان کو پیغام دے رہے ہیں کہ انھیں بس اپنی سیاست سے غرض ہے، اور انہیں عوام کی مشکلات اور زندگیوں سے کوئی سروکار نہیں۔

شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ ریسکیو کے منتظر ہیں، اور پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر عمران کو پک اینڈ ڈراپ دے رہا، عمران خان خود غرضی کی عینک اتار کر ملک کی صورت حال دیکھیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ وقت جلسوں کا نہیں بلکہ زندگیاں بچانے کا وقت ہے، لیکن عمران خان اس وقت بھی لوگوں کو نفرت اور انتشار پر اکسا رہے ہیں۔

دوسری طرف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اس وقت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، حکومت اور مجھے، سب کو مل کر متاثرین کی مدد کرنی ہے۔ روجھان آمد کے موقع پر سابق وزیر اعظم کو سیلابی صورت حال پر بریفنگ دی گئی، جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے ملک بھر میں تباہی ہوئی ہے۔ سیلاب سے کتنا نقصان ہوا ،اس کا ڈیٹا اکھٹا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کو نقصانات کا ڈیٹا اکھٹا کرناچاہیے، اس سے بحالی کے کاموں میں مدد ملے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہزاروں ایکڑ زمین اس وقت پانی میں ڈوبی ہوئی ہے ۔ سیلاب متاثرین کو مزید امداد کے معاملے پر بات کروں گا۔ سیلاب ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے ،مگر مل کر مشکل سے نمٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مچھردانیاں فراہم کی جائیں۔ اپنے نمائندوں سے کہتاہوں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جائیں، اس وقت سیلاب متاثرین کو مدد کی ضرورت ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہر جگہ سیلاب سے متاثر ہے ۔ ہمیں ڈیموں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کارکنوں کو نعرے لگانے سے روکتے ہوئے کہا کہ یہ جلسہ نہیں ہے۔ اللہ نے ہمیں بڑے امتحان میں ڈالا ہوا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں ہر جگہ پانی میں ڈوبی ہوئی ہے، تاہم جب یہ پانی اترے گا تو اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ جب لوگ اس زمین میں اپنی گندم کاشت کریں گے تو فصل بڑی زرخیز ہوگی۔

Shares: