پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے لاہور بار کو پانچ کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک دیا اور وکلا کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
عمران خان نے لاہور میں ایوان عدل کا دورہ کیا اور صدر لاہور بار راؤ سمیع کو پانچ کروڑ روپے کا چیک دیا۔عمران خان نے وکلا کے لیے صحت کارڈ اور اسپتال کی اپ گریڈیشن کا اعلان بھی کیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کہ پنجاب اسمبلی سے وکلا پروٹیکشن بل پاس کروایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کے لیے حتمی اور فیصلہ کن جنگ لڑ رہے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ یہ لانگ مارچ کسی ذاتی مفاد کے لئے نہیں، یہ لانگ مارچ کسی کی حکومت کو گرانے یا لانے کے لئے نہیں بلکہ یہ لانگ مارچ انگریز سے حاصل کی گئی آزادی کے بعد حقیقی آزادی کے لئے ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم ایسی حقیقی آزادی چاہتے ہیں جس میں پاکستان کے فیصلے پاکستانی کریں، ہم ایسی حقیقی آزادی چاہتے ہیں جس میں باہر سے مسلط کئے گئے کٹھ پتلیاں فیصلے نہ کریں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ حقیقی آزادی مارچ کی تحریک عوام کے فیصلے عوام کو کرنے دینے تک جاری رہے گی جبکہ ہم اس وقت تک حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک بیرونی سازش سے اقتدار میں آنے والے راستے بند نہ ہوجائیں۔
دوسری جانب اس سے قبل لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل سے مارچ کا اعلان کررہا ہوں، اس لانگ مارچ کو سیاسی نہیں سمجھنا اس کو آزادی سمجھنا ہے۔








