کراچی:مکان کی چھت کیا گری کہ ماں باپ کی جان لے گئی اور بچیاں یتیم ہوگئے، اطلاعات کے مطابق کھارادر میں پرانی عمارت کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ ان کی بچیاں زخمی ہیں۔ذرائع کے مطابق کھارادر باغیچہ مچھی میانی میں واقع دیوی بائی نامی پرانی عمارت کی رات گئے اچانک چھت گر گئی جس کے نتیجے میں سوئے ہوئے میاں بیوی جاں بحق اور ان کی دو بچیاں زخمی ہوگئی ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمی بچیوں کو فوری طور پر طبی امدا کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ امدادی ٹیموں کے رضاکاروں نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔جاں بحق افراد کی شناخت 35 سالہ محمد اکرم اور نازیہ کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں میں بچیاں دس سالہ ثانیہ اور آٹھ سالہ زینب شامل ہیں۔اسپتال میں زخمی بچی نے سانحہ کے متعلق بتایا کہ سوتے میں اچانک رات کو چھت اور الماری ان کے اوپر گرگئی۔ بچی کے مطابق ان کی امی بھی ساتھ ہی سو رہی تھیں۔

کھارادر سے اطلاعات کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پہنچنے والے رضاکاروں اور پولیس اہلکاروں نے جب اہل محلہ کی مدد سے ملبے تلے دبے اکرم اور نازیہ کو نکالا تو ان کی حالت انتہائی تشویشناک تھی۔

Shares: