سری نگر : بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری اپنی منزل کے حصول کی طرف کوشاں اور پہلے سے زیادہ جدوجہد کرتے نظر آرہے ہیں ، اطلاعات کے مطابق کشمیری حریت قیادت نے بھارتی تسلط اور ناجائز قبضے کے خلاف آنے والے جمعہ کو عوامی مارچ کا علان کر دیا۔

عالمی میڈیا کی طرف سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد اسیر حریت رہنماؤں کی طرف سے اعلان کردہ یہ سب سے بڑا عوامی مارچ ہوگا۔بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد مقبوضہ وادی میں پچھلے 17 دن سے کرفیو اور مواصلاتی پابندیاں جاری ہیں اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سری نگر سے ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کی وجہ سے اشیاء خورونوش اور دواؤں کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔اسیر حریت رہنماؤں نے کشمیری عوام کو اپنے پیغام میں کہا کہ وہ آنے والے جمعہ کو کرفیو اور رکاوٹیں توڑ کر گھروں سے باہر نکلیں اور عوامی مارچ میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔

ذرائع کے حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عوامی مارچ کےحوالے سے کشمیر کے مختلف علاقوں بشمول سرینگر، سورا، پلوامہ اور راجوڑی کی گلیوں اور مختلف مقامات پر پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں.مشترکہ مزاحتمی قیادت نے پوسٹرز کے ذریعے نوجوانوں، خواتین، بچے اور بوڑھے سب پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والے جمعہ کو گھروں سے باہر نکلیں اور بھارتی تسلط کے خلاف بھر پور عوامی مارچ کا حصہ بنیں۔

Shares: