کورونا وائرس کا خوف: برطانیہ میں بلدیاتی انتخابات آئندہ برس تک ملتوی کردیئے گئے
لندن :کورونا وائرس کا خوف: برطانیہ میں بلدیاتی انتخابات آئندہ برس تک ملتوی کردیئے گئے ،اطلاعات کےمطابق کورونا وائرس کے پیش نظر برطانیہ میں رواں سال مئی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ایک سال کے لیے ملتوی کردیے گئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رواں سال مئی میں برطانیہ کی 118 کونسلز، لندن اسمبلی اور 7 ریجنل میئرز کے الیکشن ہونا تھا۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لندن میئر، انگلینڈ اور ویلز کے پولیس اور کرائم کمشنر کے الیکشن ہونا تھے جنہیں ایک سال کے لیے ملتوی کردیاگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے رواں برس مئی میں ہونے والے انتخابات کو ایک سال کے لیے ملتوی کردیا ہے۔ حکومتی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کے سبب شیڈول کے مطابق انتخابات کرانا ممکن نہیں۔
یہ دوسرا موقع ہے کہ برطانیہ کے بلدیاتی اداروں کے الیکشن ملتوی کیے گئے ہیں، اس سے قبل 2001 میں ’فُٹ اینڈ ماؤتھ‘ نامی بیماری پھیلنے کے سبب انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے تھے۔خیال رہے کہ گزشتہ روزبرطانوی الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی الیکشن مؤخر کرنے کا کہا گیا تھا۔