سرگودھا: پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی کے سٹیلائٹ اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کر دیاگیا
سرگودھا،باغی ٹی ( نامہ نگار،ملک شاہ نواز جالپ ) پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی کے سٹیلائٹ اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کر دیاگیا۔
تفصیل کے مطابق آر پی او شارق کمال صدیقی اور ڈائریکٹر جنرل فورینزک سائنس ایجنسی ڈاکٹر اشرف طاہر نے سرگودھا کی پہلی فورینزک سائنس ایجنسی کے سٹیلائٹ اسٹیشن کا افتتاح کر دیا ۔اس سلسلہ میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ڈی پی اوز محمد فیصل کامران ڈی پی او خوشاب شائستہ ندیم،پولیس اور فورینزک کے افسران اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او شارق کمال صدیقی نے ڈاکٹر اشرف طاہر کی ملکی خدمات خصوصا پولیس کی تفتیش میں بہتری کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے لیے بہترین اثاثہ ہیں۔آپ کی تخلیقی صلاحتیوں کی وجہ سے بے شمار نہ سمجھ آنے والے مقدمات حل ہوئے ہیں اور ملزمان کو کیفرِکردار تک پہنچایا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فورینزک سائنس ایجنسی کا پولیس تفتیش میں انتہائی اہم کردارہے۔ قبل ازیں 25 سے 30 تفتیشی افسران سرگودھا ریجن سے روز مرہ کی بنیاد پر سیمپل جمع کروانے لاہور جاتے تھے جس سے اضافی اخراجات اور وقت کا بہت ضیاع ہو رہا تھا۔اس سٹیلائٹ اسٹیشن کے افتتاح کے بعد پولیس تفتیش میں بہت اہم پیشرفت ہو گی اور تفتیشی افسران اپنا وقت عوام کے لیے وقف کر سکیں گے۔افتتاحی تقریب کے دوران ڈاکٹر اشرف طاہر کا کہنا تھا کہ فرانزک لیبارٹری کے قیام کا مقصد پولیس کو فوری مدد فراہم کرنا ہے۔ اس لیبارٹری سے ہمسایہ ریجن بھی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی دنیابھر میں کیسز وصول کرنے میں پہلے اور عالمی معیار میں دوسرے نمبر پر ہے۔ پنجاب فورینزک ایجنسی کو بیرون ملک سے بھی کیسز ملتے ہیں۔پاکستان میں پہلی لیبارٹری کا قیام 1906 میں لاہور میں عمل میں لایا گیا۔ فورینزک ٹیموں کی قابلیت اور میعار شفاف نتائج میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس انقلابی قدم پر آر پی او سرگودھا اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔افتتاحی تقریب کے اختتام پر آرپی اوشارق کمال صدیقی اورڈی جی پی ایف ایس اے ڈاکٹر اشرف طاہر نے پودا بھی لگایااور شرکاء کوسٹیلائٹ اسٹیشن کا وزٹ کروایا گیا۔