بھارت جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کسی طور تبدیل نہیں کرسکتا، سیدعلی گیلانی

مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے کو دو حصوں میں تقسیم کرنے جیسے آمرانہ اقدامات کے ذریعے جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا،

مقبوضہ جموں و کشمیر کی تقسیم کو مسترد کرتے ہیں ، پاکستان کا دوٹوک موقف

سرینگر ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے کو دو حصوںمیں تقسیم کرنے جیسے آمرانہ اقدامات کے ذریعے جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا، سید علی گیلانی نے آج سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور بین الاقوامی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں لیفٹیننٹ گورنرز کی حیثیت سے دو کٹھ پتلی آمروں کو مسلط کرکے بھارت کشمیریوں کواپنے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد جاری رکھنے سے روکنا چاہتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بھارت اس طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری عوام کو محکوم نہیں رکھ سکتا۔ حریت چیئرمین نے کہاکہ حالیہ بھارتی اقدامات کی وجہ سے بھارت کے خلاف کشمیری عوام نفرت ، ناراضگی اور مزاحمت کئی گنا بڑھ گئی ہے،

انہوں نے کہا کہ یہ آتش فشاں کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے اور کشمیریوں کا غم وغصہ ایسی شکل اختیار کرسکتا ہے جسے روک پانا بھارت کیلئے ممکن نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی طرف سے خاموش احتجاج کو طوفان سے پہلے کی خاموشی سمجھا جانا چاہیے ۔سید علی گیلانی نے کشمیری عوام کو انکی بے مثال قربانیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور انہیںبھارتی تسلط سے آزادی کے حصول کیلئے اپنی منصفانہ جدوجہد ثابت قدمی سے جاری رکھنے پر زوردیا۔

Comments are closed.