وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو کبھی بھی تسلیم نہیں کیا،

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے قبضے کے خلاف کشمیریوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا، لاکھوں لوگ ذہنی اذیت میں زندگی گزار رہے ہیں، وہ اتوار کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے سلسلے میں مظفر آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبرنے بھی خطاب کیا۔ علی امین گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کو بھارت نے ایک بار پھر تاریخ دہرانے کی کوشش کی ہے ، کشمیری بڑے عزم سے بھارتی مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں ، بھارت ایک طاقت کے نشے میں مبتلا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ، وزیر اعظم عمران خان نے بڑے موثر انداز میں مسلہ کشمیر کو اجاگر کیا، دو ایٹمی ممالک کا تصادم باقی دنیا کے لیے بھی نقصان دہ ہو گا،

وزیر امور کشمیر نے کہا کہ ہم اسی دور حکومت میں کشمیریوں کو آزادی دلوا کے رہیں گے، ہم متحرک سفارتکاری پر عمل پیرا ہیں ،کشمیریوں کو حق خوداردیت دلوانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تمام قیادت قید ہے ، بیماروں کو ادویات تک رساء ممکن نہیں ہے ،مسلم ممالک کو کشمیریوں کی حمایت میں بھرپور انداز میں آگے آنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے ، اہم ممالک اور انسانی حقوق کے ادارے کشمیریوں کے حقوق کی آواز اٹھانا شروع ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر مظاہرین نے سیاہ جھنڈے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ ایک بڑی تعداد میں کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی،

Shares: