سیالکوٹ:نالہ ڈیک سے بھارتی اینٹی ٹینک مائنز برآمد

سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض کی رپورٹ) ظفروال میں واقع نالہ ڈیک سے دیولی اور جنڈیالہ کے مقامات سے بھارتی ساختہ اینٹی ٹینک مائنز برآمد ہوئی ہیں۔ محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق برآمد کی گئی مائنز میں 18 کلو وزنی 3A این ڈی مائنز اور 18 پونڈ وزنی 1A مائنز شامل ہیں۔

سول ڈیفنس کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ مائنز بھارت سے سیلابی پانی کے ساتھ بہہ کر پاکستان پہنچیں ہیں۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر مائنز کو تحویل میں لے کر ناکارہ بنایا اور محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

یاد رہے کہ بارشوں کے موسم میں بھارتی بارڈر پر نصب کی گئی یہ مائنز اکثر سیلابی پانی کے ساتھ بہہ کر پاکستان کے مختلف علاقوں میں پہنچ جاتی ہیں۔ اس طرح کی صورتحال نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے بلکہ پوری آبادی کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

اس سلسلے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی جانب سے بارڈر کے قریب مائنز نصب کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔پاکستانی حکام کو اس حوالے سے فوری اور موثر اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ کیا جا سکے۔بین الاقوامی برادری کو بھی اس مسئلے پر نوٹس لینا چاہیے اور بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ اس طرح کی خطرناک کارروائیاں بند کرے۔

سیالکوٹ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے موسم میں احتیاط برتیں اور کسی بھی مشکوک چیز کو دیکھ کر فوری طور پر سول ڈیفنس یا پولیس کو اطلاع دیں۔

Leave a reply