5 بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کے بعد لائن آف کنٹرول کے قریب بھارتی فوج کی غیر معمولی سرگرمیاں

0
34

بھارتی مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کی بڑی کارروائی کے دوران 5 اعلیٰ بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کئے جانے کے بعد لائن آف کنٹرول کے قریب بھارتی فوج کی غیر معمولی سرگرمیوں کا آغاز۔ رات کے اندھیرے میں کئی سو فوجیوں کو ایل او سی کے قریبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیاجب کہ رہائشی علاقوں میں فوج کا گشت بڑھا دیا گیا۔ فوج کی طرف سےمقبوضہ علاقے کے رہائشی مکینوں کو دوسری جگہوں پر منتقل ہونے کے احکامات جاری کر دئے گئے۔ بھارتی فوجی لاوڈاسپیکر پر لوگوں کو علاقہ خالی کرنے اور دوسری جگہوں پر منتقل ہونے کے اعلانات کر رہے ہیں۔ علاقے کے مکینوں میں شدید خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔ لوگوں نے رمضان المبارک کی رات سحری کی تیاریوں کی بجائے اپنا سامان باندھنے میں گزاری۔ عوام اپنی قیمتی اشیا کو اپنے ساتھ رکھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ماضی میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے گھروں میں تلاشی کے دوران اہم اور قیمتی سامان غائب ہوجاتے رہے۔ مقبوضہ کشمیر کے ایک سینئر صحافی نے موجودہ تیاریوں کو آئندہ چند روز میں ایل او سی پر بھارت کی طرف سے بڑی کارروائی کا پیش خیمہ قرار دے دیا۔ صحافتی ذرائع کے مطابق ہنڈوارہ میں بھارت اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کا بدلہ لینے کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دے رہا ہے۔ گھر گھر تلاشی کا مقصد وہاں ایسے افراد کو گرفتار کرنا ہے جن کے بارے میں بھارت مبینہ طور پر الزام لگارہاہے کہ ان کا تعلق پاکستان کی مذہبی تنظیموں سے ہے۔ الزام کی آڑ میں بھارت پاکستانی علاقے میں کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر سکتا ہے۔ تاہم اس کی کوشش ہے کہ اس مرتبہ پاکستانی علاقے میں کارروائی کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوں اور بھارت دنیا بھر میں اس بات کاڈھنڈورا پیٹ سکے کہ بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں میں ملوث افراد کاتعلق پاکستانی تنظیموں سے ہے۔ ماضی میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی کارروائیوں کی آڑ لے کر کئی مرتبہ پاکستانی علاقوں میں کارروائی کے بے بنیاد دعوے کئے لیکن وہ ان دعووں کے بارے میں نہ تو بھارتی عوام اور سیاستدانوں کو تسلی بخش ثبوت دے سکا اور نہ ہی دنیا کے دیگر ممالک کو ان کارروائیوں کی سچائی کے حوالے سے قائل کر سکا۔بھارت کبھی اس بات کوبھی ثابت نہیں کر سکا کی بھارت میں ہونے والی کسی بھی کارروائی کے پیچھے پاکستانی مذہبی تنظیموں کا ہاتھ ہے۔ اسے اپنے ان دعووں کے حوالے سے شرمندگی کے سوا کبھی کچھ نہیں ملا.

Leave a reply