کرونا کی وجہ سے جن کی شادیاں رکی ہیں ، بھارتی جوڑے نے اس کا زبردست حل بتادیا
نئی دہلی :کرونا کی وجہ سے جن کی شادیاں رکی ہیں ، بھارتی جوڑے نے اس کا زبردست حل بتادیا ،اطلاعات کےمطابق کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے باعث بھارت میں جہاں عام کاروبار زندگی مفلوج ہے اور یومیہ اجرت کرنے والے کروڑوں افراد سخت مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
وہیں بھارت میں لاک ڈاؤن کے باعث شادی کی تقریبات بھی نہیں ہو پا رہیں اور لوگ یا تو تقریبات کو محدود کرنے پر مجبور ہیں یا پھر وہ ڈیجیٹل طور پر شادی کی خوشیوں میں اپنے رشتہ داروں کو شریک کر رہے ہیں۔ایسی ہی ایک شادی بھارت کی ریاست کرناٹکا اور تلنگانا کے دلہا اور دلہن کی بھی ہوئی، جنہوں نے مجبوری کے تحت اپنی شادی میں رشتہ داروں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق ریاست تلنگانا کے دلہا 28 سالہ نجف نقوی اور ریاست کرناٹکا کی دلہن 25 سالہ فریا سلطان کی شادی رواں ماہ 5 اپریل کو ہونی تھی مگر لاک ڈاؤن کی وجہ سے شادی کی تقریب کرنا مشکل تھا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں کے اہل خانہ نے شادی کی تیاریاں پہلے ہی شروع کردی تھیں اور ان کی شادی کی تقریب 5 اپریل کو ریاست تلنگانا کے دارالحکومت حیدرآباد میں ہونی تھی مگر لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایسا نہیں ہو پایا۔
لاک ڈاؤن کی وجہ سے جہاں دونوں کی شادی کی تقریب منعقد نہیں ہو پائی وہیں انہوں نے فیصلہ کیا کہ اس سے قبل کے کورونا وائرس کی وجہ سے مزید حالات خراب ہوں، اس لیے انہیں کسی نہ کسی طرح شادی کر ہی لینی چاہیے۔
نکاح کی تقریب کو دوسرے شہروں میں بیٹھے رشتہ داروں نے آن لائن دیکھا—فوٹو: انڈین ایکسپریس
دلہا اور دلہن کے خاندان کی جانب سے ہر حال میں شادی کیے جانے کے فیصلے کے بعد انہوں نے شادی کی تقریبات میں رشتہ داروں کو شامل کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔
نکاح کے لیے اگرچہ دلہن کو ریاست کرناٹکا سے اہل خانہ کے ساتھ سفر کرکے حیدرآباد آنا پڑا مگر جوڑے نے نکاح کی تقریب میں بھارت کے مختلف شہروں میں پھیلے اپنے رشتہ داروں کو شامل کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔
دونوں کا نکاح حیدرآباد کے ایک فلیٹ میں پڑھایا گیا جہاں سے ان کے نکاح کی تقریب کو واٹس ایپ اور اسکائپ کے ذریعے بنگلورو اور کانپور سمیت دیگر شہروں کے رشتہ داروں کو آن لائن دکھایا گیا۔دونوں کے نکاح کی تقریب کو مختلف شہروں میں ان کے قریبی رشتہ داروں کے 16 افراد نے آن لائن دیکھا اور اس پر خوشی کا اظہار کیا۔اگرچہ شادی کی تقریب میں قریبی رشتہ داروں کی شمولیت نہ کرنے پر دلہا اور دلہن مایوس دکھائی دیے تاہم انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کسی نہ کسی طرح ان کی شادی بلآخر ہو ہی گئی۔
شادی کی تقریب میں قریبی رشتہ داروں کی شرکت نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے دلہا نجف نقوی نے بتایا کہ ان کے خاندان میں 25 سال بعد پہلی شادی ہو رہی تھی مگر کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہونے کے باعث ان کی خوشیاں ادھوری رہ گئیں۔
خیال رہے کہ بھارت میں 23 مارچ سے 21 روز کا لاک ڈاؤن نافذ ہے جو کہ 14 اپریل کو ختم ہونا ہے، تاہم وزیر اعظم نریندر مودی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ مقررہ وقت پر لاک ڈاؤن کو ختم کرنا مشکل ہے۔جہاں بھارتی وزیر اعظم نے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے کا اشارہ دیا ہے، وہیں ریاسٹ اڑیسہ نے پہلے ہی 9 اپریل کو لاک ڈاؤن کی مدت بڑھا کر 30 اپریل تک کردی۔
بھارت میں لاک ڈاؤن کے باعث کروڑوں افراد مالی مشکلات کا شکار ہیں اور یومیہ اجرت کرنے والے کروڑوں افراد بے روزگار ہوچکے ہیں تاہم حکومت نے ایسے افراد کے لیے مالی مدد کا اعلان کر رکھا ہے۔بھارت میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور 9 اپریل کی دوپہر تک وہاں مریضوں کی تعداد 6 ہزار کے قریب جا پہنچی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 175 سے زائد ہو چکی تھی۔