بھارت محفوظ ملک نہیں، آئی سی سی ٹیموں کو دورے سے روکے، جاوید میاندارنے مطالبہ کردیا

0
31

کراچی:بھارت محفوظ ملک نہیں، آئی سی سی ٹیموں کو دورے سے روکے، جاوید میاندارنے مطالبہ کردیا،اطلاعات کےمطابق پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین جاوید میانداد نے کہا ہے کہ بھارت محفوظ ملک نہیں ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیموں کو وہاں کے دورے سے روکے۔

جاوید میانداد نے بھارتی حکومت کے متنازع شہریت ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ آئی سی سی بھارت کے ساتھ تمام تعلقات منقطع کرے۔
انٹرنیٹ پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ بھارت میں جو کچھ ہورہا ہے لوگوں کو اس کا نوٹس لینا چاہئے، میں آئی سی سی پر زور دیتا ہوں کہ اُن کا بائیکاٹ کرے۔

جاوید میانداد کا مزید کہنا ہےکہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ وہاں کیا ہورہا ہے، میں کہتا ہوں کہ بھارت کے ساتھ ہر قسم کے کھیلوں کے تعلقات معطل کیے جائیں اور تمام ملکوں کو اُس کے خلاف ایکشن لینا چاہئے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان نہیں بلکہ بھارت کسی بھی سیاح یا شخص کے لیے غیر محفوظ ملک ہے، بحیثیت ایک انسان، اسپورٹس پرسن ہمیں اس کی مذمت کرنا چاہئے۔

واضح رہے کہ مودی سرکار کی جانب سے متنازع شہریت کے قانون کی منظوری کے بعد بھارت بھر میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں، جس کے دوران دو درجن سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ہزاروں کوجیلوں میں ڈال دیا گیا ہے اورہزاروں کوتشددکانشانہ بنایا گیاہے

Leave a reply