بھارتی بحریہ لاوارث کشتی سے خوفزدہ، سائرن بج گئے

بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ممبئی کے قریب رائے گڑھ کوسٹل ایریا کی حدود میں ایک لاوارث کشتی کی موجودگی سے بھارتی بحریہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اورمتوقع دہشت گردی سے بچاو کے لئے ہنگامی سائرن بجنے شروع ہوگئے۔ کشتی میں تین اے کے 47 رائفلز اور گولیوں کی بڑی مقدار بھی موجود تھی جس کی وجہ سے ممبئی میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا اور انسداد دہشت گردی سمیت تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا۔

ابتدائی طور پر بھارتی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بوکھلاہٹ میں کشتی پاکستانی سمندری حدود کی طرف سے بھارتی سمندری حدود میں آنے کے امکانات ظاہر کئے تاہم بعد میں بھارتی حکام نے اس امکان پر زیادہ زور نہیں دیا۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد مہاراشٹر کے نائب وزیراعلی دیوندرا فرنانڈس نےبتایا کہ16 میٹر لمبی یہ لاوارث کشتی ایک آسٹریلین خاتون کی ملکیت ہے جس کا شوہر نیوی کپتان ہے۔ یہ کشتی دبئی کی ایک سیکیورٹی ایجنسی میں رجسٹرڈ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی تک اس بات کا ثبوت نہیں ملا کہ کشتی دہشت گردی کرنے کے لئے استعمال کی جانی تھی تاہم ابھی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کشتی میں سوار میاں بیوی اور دو دیگر مسافر جون میں مسقط سے یورپ جارہے تھے کہ راستے میں خراب موسم کے باعث انہوں نے کشتی کو وہیں بے یارومددگار چھوڑ دیاجب کہ چاروں افراد کو اومان کے بحری حکام نے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔جس کے بعد یہ لاوارث کشتی سمندری لہروں میں بہتی ہوئی ممبئی سے دوسو کلومیٹر دور رائے گڑھ کے ساحل پر پہنچ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کہ کشتی میں جدید اسلحہ کہاں سے آیااس کی تحقیقات جاری ہیں۔ 

Comments are closed.