مسئلہ کشمیر کا پر امن حل نا گزیر،بھارت عالمی قوانین روند رہا ہے:عبدالعلیم خان
وزیر اعظم عمران خان نے مودی کو ہر فورم پر بے نقاب کیا: یوم کشمیر پرخصوصی گفتگو
کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو قومی موقف کا ساتھ دینا چاہیے: ٹویٹ
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق اس دیرینہ مسئلے کا حل نکالنا ضروری ہے اور اب بھارتی ظلم و استبداد زیادہ دیر تک کشمیریوں کی آزادی روک نہیں سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل میں ناکامی عالمی امن بھی تباہ کر سکتی ہے لہذا مودی ہوش کے ناخن لے،اُسے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہی ہوگا۔
یوم کشمیر کے حوالے سے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے اپنی خصوصی گفتگو اور ٹوئٹ میں کہا کہ 5فروری کا دن کشمیریوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب سمیت ہر عالمی فورم پر مودی اور بھارت کو مکمل طور پر بے نقاب کیا اور کشمیر کے حوالے سے ہونے والی زیادتیوں پر آواز اٹھائی۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات سے بالا ترہوکر قومی موقف کا ساتھ دینا چاہیے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ وادی کشمیر پر ناجائز قبضہ بر قرار رکھنے کے لئے بھارت تمام عالمی قوانین کو روند رہا ہے لیکن دن بدن مسئلہ کشمیر ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی صورت اختیار کر رہا ہے اور انشاء اللہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہی ہوگا۔ عبدالعلیم خان کہنا تھا کہ بھارتی فوج کو بھی کشمیر میں ذلت اور رسوائی کا سامنا ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی جلد رنگ لانے والی ہے-