وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے بھارت کے مکروہ حملے کا منہ توڑ جواب دے کر تاریک رات کو چاندنی رات بنا دیاہے-

اسپیکر ایازصادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے،اسپیکرایازصادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ رات دشمن نے پاکستان پر حملے کی ناپاک کوشش کی، مسلح افواج نے ہندوستان کے مکروہ حملے کا منہ توڑ جواب دیا، مسلح افواج نے تاریک رات کو چاندنی رات بنا دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حملے میں بچوں سمیت کئی پاکستانی شہید ہوئے، اللہ شہدا کےدرجات میں بلندی عطا فرمائے، 22 اپریل کو پہلگام میں افسوسناک واقعہ ہوا، بھارت نے10منٹ میں ایف آئی آر درج کی حملے کے فوری بعد پاکستان پرالزام لگا دیا، بھار ت نے دنیا کو باور کروانے کی کوشش کی پاکستان ملوث ہے، کچھ عرصہ قبل بلوچستان میں ٹرین ہائی جیک کی گئی، واقعہ کے تانے بانے بھارت سے ملتے تھے، ہمارے پاس ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ایس ایس جی کے جوانوں نے شہریوں کی جانیں بچائیں، بھارت نے واقعے کی مذمت تک نہیں کی، بھارت نے واقعے کا سنگدلی سے مذاق بنایا تھا، میرے دورے ترکیہ کے دوران پہلگام واقعہ کی اطلاع ملی، پاکستان کا پہلگام واقعہ کا دور دور تک تعلق نہیں، میں نے واقعہ کی غیر جانبدار واقعے کی تحقیقات کا کہا، پاکستان نے تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان حملے کا جواب دینے کیلئے 24 گھنٹے تیار تھی، بھارت نے رافیل جہاز خریدے، اس پر بہت ناز کرتا ہے، ہماری افواج نے بھارت کے رافیل جہاز مار گرائے، ایئرچیف ظہیر بابر کو سب کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں،ہم ہر لمحہ بھارتی عزائم سے اچھی طرح واقف تھے، کل بھارت نے مکمل تیاری سے 80 جہازوں کے ساتھ حملہ کیا-

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں آزاد کشمیر، بہاولپور، شیخوپورہ، سیالکوٹ سمیت 6 شہروں پر حملہ کیا گیا، ہمارے جہازوں نے سرحد عبور نہیں کی، ہمارے عقابوں نے بھارتی جہازوں کو مار گرایا، بھارتی جہازوں میں رافیل جہاز بھی شامل تھے کل رات بھارت کے ہوش ٹھکانے آ گئے ہیں،پانچ جہاز گرائے یہ 10 بھی ہوسکتے تھے مگر شاہینوں نے احتیاط سے کام لیا-

وزیراعظم نے کہا کہ کل رات ہمارے دشمنوں کو نیند نہیں آئی، ہمارے دوستوں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ گیا ہے، اسلام آباد میں ایک شہید کا جنازہ ہے، جنازے میں صدر اور آرمی چیف سمیت مجھے بھی شریک ہونا ہے ہمارے شہدا نے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا، یہ شہید پاکستان کے ہیرو ہیں، کل اللہ نے پاکستان کو عظیم فتح نصیب فرمائی، پی ٹی آئی سے کہتا ہوں آئیں پاکستان کو عظیم بنائیں۔

Shares: