میرپور ماتھیلو: سومرا کالونی میں محکمہ انہار کی زمین پر بااثر مافیا کا قبضہ،مکین پریشان
میرپور ماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق لغاری) سومرا کالونی میں محکمہ انہار کی زمین پر بااثر مافیا کا قبضہ،مکین مشکلات کا شکار
تفصیل کے مطابق میرپور ماتھیلو کے علاقے سومرا کالونی میں ایریگیشن کی زمین پر بااثر افراد نے قبضہ کر رکھا ہے اور وہاں غیر قانونی آبادی قائم کی جا رہی ہے۔ مقامی افراد کے مطابق جب اس زمین میں فصل اگانے کے لیے نالیوں کا گندا پانی چھوڑا جاتا ہے تو پورے علاقے میں بدبو پھیل جاتی ہے، جس سے سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس آلودگی کے باعث مختلف بیماریوں نے بھی علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے مقامی مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے ان مسائل کے خلاف مشترکہ طور پر اسسٹنٹ کمشنر میرپور ماتھیلو سے شکایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ایریگیشن کے انجینئر کو احکامات جاری کیے اور علاقے کے رہائشیوں کو یقین دلایا کہ اس مسئلے پر جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جو افراد غیر قانونی طور پر زمین پر قبضہ کر کے آبادکاری کر رہے ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔