لاہور: نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کا بھائی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ،اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان کی گاڑی کے قریب فائرنگ ہوئی ہے جس کے باعث نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی جاں بحق ہو گئے ہیں بھائی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق شہباز گل نے بھی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی کے دوران تقریب میں مسلح شخص نے فائرنگ کردی جس سے نامزد صوبائی وزیر کے بھائی مبشر کھوکھر المعروف ملک گوگا جاں بحق ہو گئے۔ اس واقعے میں شہری بھی زخمی ہو گیا، جسے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔

 

 

شادی کی تقریب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی موجود تھے، شادی کی تقریب میں فائرنگ کے وقت صوبائی وزرا سمیت اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔ اہم شخصیات کی موجودگی میں فائرنگ کا واقعہ ہوا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے۔

 

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعلی پنجاب سے بات ہوئی ہے۔ وہ خیریت سے ہیں اور رہائش گاہ پر موجود ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کے بالکل قریب آ کر فائرنگ کی۔ وزیراعلیٰ کی سکیورٹی نے حملہ آور کو قابو میں لے کر گرفتار کیا۔ بدقسمتی سے اسد کھوکھر کے بھائی اس حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔

 

 

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ واقعہ دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

اُدھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لے لیا، فائرنگ اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آئی جی پنجاب سےرپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائے۔ سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی جامع انکوائری جائے اور گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

یاد رہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی اسد کھوکھر کو دوبارہ صوبائی وزیر بنانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ اسد کھوکھر سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے خالی کردہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 168 پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

پنجاب کابینہ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی ٹی آئی ایم پی اے اسد کھوکھر کو پنجاب میں وزیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

Shares: